امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے (بیٹے) کی پیدائش ہوئی ہے۔
جے ڈی وینس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ ان کے بیٹے کا نام ایلک نیل وینس (Alec Neel Vance) رکھا گیا ہے، جو اتوار کی صبح پیدا ہوا۔
مزید پڑھیں:جے ڈی وینس کا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے خلاف اسرائیلی اراکین کی سازش کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ اوشا اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں، جبکہ ہمارے دیگر بچے اپنے چھوٹے بھائی کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔ نائب صدر نے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹروں اور عملے کا بہترین طبی نگہداشت فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سو برس سے زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حاضر سروس امریکی نائب صدر کے دورِ منصب میں ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
— JD Vance (@JDVance) July 19, 2026
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کے اس سے قبل 3 بچے ہیں، جن میں 9 سالہ ایون، 6 سالہ وویک اور 4 سالہ بیٹی میریبل شامل ہیں۔
اوشا وینس کی پیدائش امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں ہوئی۔ ان کے والد مکینیکل انجینئر جبکہ والدہ مالیکیولر بایولوجسٹ ہیں، جو بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے امریکا منتقل ہوئی تھیں۔
جے ڈی وینس اور اوشا کی ملاقات 2010 میں ییل لا اسکول میں تعلیم کے دوران ہوئی تھی، جہاں دونوں ایک مباحثہ گروپ کا حصہ تھے۔
مزید پڑھیں:’ہم آپ کے شکر گزار ہیں ‘، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا پاکستان کے سفارتی کردار کا اعتراف
واضح رہے کہ جے ڈی وینس ٹرمپ انتظامیہ کی ان نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جو امریکا میں شرح پیدائش بڑھانے کی کھل کر حمایت کرتے رہے ہیں۔
حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی کتاب میں انہوں نے لکھا کہ ان کی اہلیہ ابتدا میں چوتھا بچہ پیدا کرنے کے حق میں نہیں تھیں، تاہم بعد ازاں ان کی رائے تبدیل ہوگئی اور اب ان کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔














