پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات نہایت حساس نوعیت کے ہیں، جن پر نہ صرف پورے ملک بلکہ عالمی برادری کی بھی نظر ہے، اس لیے انتخابی عمل کو شفاف اور غیر متنازع رکھا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: لاہور ڈویژن کے کن 2 حلقوں میں پولنگ ہوگی؟
پارٹی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم مثبت رہی ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سچائی اور مفاہمت کے کمیشن کے قیام کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے پیپلز پارٹی کا تاریخی اور جذباتی تعلق ہے اور پارٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ترجیح دی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی شکایات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ ان کا الزام تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے بعض عناصر انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات نہایت حساس نوعیت کے ہیں، جن پر نہ صرف پورے ملک بلکہ عالمی برادری کی بھی نظر ہے، اس لیے انتخابی عمل کو شفاف اور غیر متنازع رکھا جانا چاہیے۔@MediaCellPPP @PPP_Org @sherryrehman pic.twitter.com/r8DZyGwa3Y
— Media Talk (@mediatalk922) July 27, 2026
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل اے 12 اور ایل اے 13 سمیت بعض حلقوں میں مسلح افراد نے پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما کے گھر سے بیگ برآمد ہونے کے معاملے میں بلاجواز پیپلز پارٹی پر الزامات عائد کیے گئے۔ ان کے مطابق مقامی عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں حقِ رائے دہی سے محروم نہ کیا جائے اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے ووٹرز کو پولنگ سے نہ روکا جائے۔
شیری رحمان نے کہا کہ کوٹلی اور نکیال میں بھی انتخابی ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی اجازت نہ دی جائے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات : الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، امیدواروں کے اخراجات کی حد 50 لاکھ روپے مقرر
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی قسم کے تحائف یا مراعات کی تقسیم مناسب نہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرنی چاہیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہوگی کہ عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ کیا جائے اور ہر ووٹر آزادانہ طور پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکے۔












