معروف گلوکارہ اور پاکستان آئیڈل کی جج زیب بنگش نے تصدیق کی ہے کہ مقبول میوزک ریئلٹی شو جلد دوبارہ نشر کیا جائے گا۔
زیب بنگش نے منگل کے روز اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شو کے سیٹ کی تصاویر کا ایک کولاج اور میک اپ روم کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہمارے پاکستان آئیڈل کے بلبل واپس آ گئے ہیں اور ہم بھی جلد واپس آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آئیڈل یا ’فراڈ آئیڈل‘؟ صحافی نعیم حنیف کے چونکا دینے والے انکشافات
انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اتنا پیار دینے اور یاد رکھنے کا بہت شکریہ۔ ’ہم نے بھی آپ سب کو بہت یاد کیا۔‘
اس سے قبل 20 جولائی کو شیئر کی گئی اسی ویڈیو پر ایک مداح نے سوال کیا تھا کہ کیا پاکستان آئیڈل دوبارہ واپس آ رہا ہے۔
جس پر زیب بنگش نے صرف ایک مسکراتے ہوئے ایموجی کے ذریعے جواب دیا تھا، جسے مداحوں نے شو کی واپسی کا اشارہ قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان آئیڈل میں سجاد علی کے گانوں پر پابندی؟ گلوکار نے اپنے بیان میں سب کچھ بتادیا
واضح رہے کہ پاکستان آئیڈل کے دوسرے سیزن کا فائنل 31 مارچ کو اچانک مؤخر کر دیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے اس فیصلے کی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور قومی سطح پر کفایت شعاری کی ضرورت کو قرار دیا تھا۔
شو رمضان المبارک کے وقفے کے بعد دوبارہ نشر ہونا تھا اور فائنل مرحلہ صرف چند ہفتوں کی دوری پر تھا، تاہم منتظمین نے کہا تھا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے ماحول میں اتنے بڑے پیمانے پر قومی تفریحی پروگرام کا انعقاد مناسب نہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان آئیڈل کا جج بننے پر تنقید، فواد خان نے بھی خاموشی توڑدی
منتظمین نے اس وقت مقابلے میں شریک نوجوان گلوکاروں کو یقین دلایا تھا کہ ان کا سفر ختم نہیں ہوا بلکہ صرف عارضی طور پر مؤخر کیا گیا ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ضرور ملے گا۔
اگرچہ زیب بنگش نے شو کی واپسی کی تصدیق کر دی ہے، تاہم ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ پاکستان آئیڈل کی اگلی قسط کب نشر ہوگی۔
شو کے پروڈیوسرز اور دیگر ججز کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔












