بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ممبئی کے پوش علاقے ورسوا میں 18.29 کروڑ روپے مالیت کا ایک لگژری اپارٹمنٹ خرید لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اپارٹمنٹ اندھیری ویسٹ میں واقع Godrej Skyshore منصوبے کی بلند منزل پر موجود ہے۔ اپارٹمنٹ کا رقبہ 2,644 مربع فٹ ہے، جبکہ اس کے ساتھ 316 مربع فٹ کا اضافی خصوصی حصہ اور تین مخصوص پارکنگ اسپیسز بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے نئی زمین کی خریداری پر کتنے کروڑ کی سرمایہ کاری کی؟
رپورٹس کے مطابق اس پراپرٹی کی خریداری 18.29 کروڑ روپے میں کی گئی، جس کے حساب سے فی مربع فٹ قیمت تقریباً 69,159 روپے بنتی ہے۔
یہ سرمایہ کاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کو ورنداون میں روحانی پیشوا پریمانند مہاراج کے نئے آشرم میں حاضری دیتے دیکھا گیا تھا جہاں دونوں بارش کے دوران ننگے پاؤں آشیرواد لینے پہنچے تھے۔ جنوری 2023 میں پہلی ملاقات کے بعد یہ پریمانند مہاراج سے ان کی آٹھویں ملاقات بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحائف وصول کرنا کیوں پسند نہیں ہے؟ انوشکا شرما کا انوکھا موقف
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں اٹلی کے شہر ٹسکنی میں نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں ایک بیٹی وامیکا اور ایک بیٹا اکائے ہیں جنہیں وہ میڈیا سے دور رکھتے ہیں۔
یہ ان کی پہلی مہنگی جائیداد نہیں۔ ویرات کوہلی اس سے قبل گڑگاؤں کے ڈی ایل ایف فیز ون میں تقریباً 10 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ایک عالی شان گھر کے بھی مالک ہیں جس میں نجی سوئمنگ پول، جدید جم اور دیگر پرتعیش سہولیات موجود ہیں۔ اس گھر کی مالیت تقریباً 80 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔














