پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت اگلے ماہ لاہور میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا باقاعدہ آغاز کرے گی جبکہ اس مقصد کے لیے تھیٹر سے متعلق قوانین میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الحمراء میں جشنِ انور مسعود!
لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت صوبے میں اسٹیج ڈراموں سے متعلق موجودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اگلے ماہ الحمرا میں فیملی تھیٹر ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کابینہ کا حصہ بننے کے بعد سے انہوں نے ذاتی طور پر تھیٹر کے شعبے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔
ان کے مطابق عوام کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض عوامی اسٹیج ڈرامے غیر مناسب ہیں اور ہماری ثقافتی اقدار کی درست نمائندگی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ الحمرا میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا آغاز کیا جا رہا ہے جہاں سینیئر فنکاروں کے ساتھ باصلاحیت نوجوان اداکار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معیاری اور خاندانی تفریح کے فروغ کے لیے اس کوشش کا حصہ بنیں۔
مزید پڑھیے: لاہور لٹریری فیسٹیول 2026: فکر، ادب اور مکالمے کا عالمی میلہ
وزیر اطلاعات و ثقافت نے بتایا کہ تھیٹر کے ماحول کو بہتر بنانے میں ایک بڑی رکاوٹ پرانے قوانین ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں تھیٹر اب بھی تقریباً 150 سال پرانے ’ڈرامیٹک پرفارمنسز ایکٹ 1876‘ کے تحت چل رہا ہے جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت پہلے ہی کچھ ترامیم کر چکی ہے جبکہ مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات میں فنکاروں کی رجسٹریشن، تھیٹرز کے لیے سخت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور دیگر ضوابط شامل ہوں گے جن کے لیے جلد کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔
دریں اثنا الحمرا کی فیملی تھیٹر بحالی مہم کے تحت پہلے ڈرامے ’فرینڈز آف سیونٹیز‘ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
یہ ڈرامہ سعید انجم نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری وسیم عباس نے کی ہے۔ ڈرامے میں پاکستان کے تھیٹر کے شاندار ماضی کو اجاگر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: الحمرا میں نویں تھنک فسٹ ؛ افکار ِ تازہ کا آغاز
یہ ڈرامہ 8 سے 14 اگست تک ہر روز رات 8 بجے الحمرا میں پیش کیا جائے گا، جس میں اشرف خان، ہنی البیلا، قیصر پیا، عثمان راج، شیزا بٹ، احمد مغل، ایمان نور اور مہر چوہدری سمیت متعدد معروف فنکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔














