آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگست کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 12.89 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا ہے۔
جمعہ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 254.32 روپے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔
گھریلو سلنڈر بھی مہنگا
نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 152 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3,000.92 روپے ہو گئی ہے۔ اوگرا نے واضح کیا کہ نظرثانی شدہ قیمتیں یکم اگست سے نافذ العمل ہوں گی اور پورا مہینہ لاگو رہیں گی۔
واضح رہے کہ اوگرا ہر ماہ کے آغاز پر بین الاقوامی قیمتوں اور ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی نئی قیمت کا تعین کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں ایل پی جی کے سنگین بحران کا خدشہ، درآمد کنندگان نے حکومت کو خبردار کردیا
رواں سال جولائی کے مقابلے میں اگست کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو مسلسل کئی ماہ سے جاری بڑھوتری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل جون میں بھی اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا جس کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3,643 روپے سے زیادہ تک پہنچ گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں قدرتی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کا انحصار ایل پی جی پر بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ کمیٹی کا پیٹرول بحران، گیس لوڈشیڈنگ اور ایل پی جی قیمتوں میں اضافے پر سخت نوٹس
ماہرین یہ بھی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ کئی علاقوں میں مقامی ڈیلرز سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرتے ہیں، جس سے سرکاری اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان فرق برقرار رہتا ہے۔













