ملک میں ایل پی جی کے سنگین بحران کا خدشہ، درآمد کنندگان نے حکومت کو خبردار کردیا

اتوار 12 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایل پی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری مداخلت نہ کی تو آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک بھر میں مائع پیٹرولیم گیس کی سنگین قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

ایل پی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ مکرم وحید نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو لکھے گئے خط میں کہاکہ مسئلہ بلا تاخیر حل نہ کیا گیا تو ملک میں ایل پی جی کی سپلائی چین شدید متاثر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے موجودہ ایل پی جی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار سے متعلق سنگین تحفظات دور کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

اوگرا کی مقررہ قیمت درآمدی لاگت سے کم قرار

خط میں کہا گیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے 30 جون 2026 کو مقرر کی گئی ایل پی جی کی قیمت درآمدی گیس کی حقیقی لینڈڈ لاگت کی درست عکاسی نہیں کرتی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی قیمتوں، فریٹ چارجز، شرح مبادلہ میں اتار چڑھاؤ، بندرگاہ پر ہینڈلنگ فیس، اندرونِ ملک نقل و حمل، مالیاتی اخراجات اور دیگر آپریشنل خرچ کے باعث درآمدی لاگت مقررہ فروخت قیمت سے کہیں زیادہ ہوچکی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ درآمد کنندگان کو ہر کارگو پر بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث کئی درآمد کنندگان اور اسٹوریج آپریٹرز پہلے ہی اپنی سرگرمیاں محدود یا معطل کرچکے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیاکہ اگر قیمتوں کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی نہ کی گئی تو مزید درآمدی ٹرمینلز اور ایل پی جی تنصیبات بند ہوسکتی ہیں، جس سے ملک بھر میں بلا تعطل فراہمی خطرے میں پڑ جائے گی۔

شفاف اور پائیدار قیمتوں کا نظام بنانے کا مطالبہ

خط میں حکومت پر زور دیا گیا کہ معاملے کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے فوری اجلاس طلب کیا جائے اور ایسا شفاف، قابلِ عمل اور پائیدار قیمتوں کا نظام بنایا جائے جو درآمدی ایل پی جی کی اصل لاگت کی عکاسی کرے۔

ایسوسی ایشن نے کہاکہ ملک کی توانائی سلامتی، مارکیٹ میں استحکام اور ایل پی جی پر انحصار کرنے والے لاکھوں گھریلو صارفین، تجارتی اداروں اور صنعتوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے فوری حکومتی کارروائی ناگزیر ہے۔

اوگرا نے جولائی کے لیے قیمت میں کمی کی تھی

اوگرا نے جولائی کے لیے ایل پی جی کی صارف قیمت میں 67 روپے 33 پیسے فی کلو کمی کرتے ہوئے یکم جولائی سے سرکاری نرخ 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کیے تھے۔

اتھارٹی نے عالمی سطح پر ایل پی جی قیمتوں میں کمی کے بعد 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 794 روپے 5 پیسے کم کرکے 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے مقرر کی تھی۔

تاہم لاہور، ملتان اور مظفرگڑھ میں ایل پی جی فروخت کنندگان اور صارفین کے مطابق سرکاری قیمت میں کمی کا فائدہ مارکیٹ تک نہیں پہنچا اور ایل پی جی 480 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔

اس سے قبل ایل پی جی کی قیمت 480 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران سے قبل اس کی قیمت 260 سے 280 روپے فی کلو کے درمیان تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

رائٹرز کی مالک کمپنی نے عالمی پرنٹ کاروبار کے 51 فیصد حصص 50 کروڑ ڈالر میں فروخت کردیے

میٹا پر طبی مسائل کے شکار ملازمین کو برطرفیوں میں نشانہ بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرنے کا الزام

حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کا راستہ اپنایا، تشدد ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، طارق فضل چوہدری

ذہنی تھکن سے پریشان ہیں؟ صدیوں پرانے طریقے آج بھی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں

اداروں اور شہدا سے متعلق استعمال کیے گئے الفاظ ناقابل قبول، مولانا فضل الرحمان معافی مانگیں : حافظ میاں محمد نعمان

ویڈیو

ایم کیو ایم کے دھڑے آمنے سامنے، شہری سندھ کے حقوق کی تحریک یا اقتدار کی نئی جنگ؟

خوبصورت پنجاب: گوجرانوالہ کے ایمن آباد بازار کی اپ گریڈیشن مکمل

ممنون حسین نے دور صدارت میں اردو، سی پیک کے قومی بیانیے اور کفایت شعاری کو فروغ دیا، ڈاکٹر فاروق عادل

کالم / تجزیہ

پانی کی بڑھتی قلت ایک مربوط منصوبہ بندی کی متقاضی

پاکستان کی اسلامی روح اور خوارج کا جھوٹا پروپیگنڈہ….!!

ہم چین سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟