پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی جانب ہونے والی مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کو خوش آئند سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک، جن میں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ شامل ہیں، کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان غزہ کی تعمیر نو میں اپنا فرض ادا کرے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف
بیان کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ حالیہ پیش رفت غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عمل درآمد کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔
🔈 PR No. 1️⃣9️⃣5️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Welcomes Positive Developments Towards the Implementation of the Gaza Peace Plan
🔗⬇️ pic.twitter.com/6O8SrLWcs1
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) August 1, 2026
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ سفارتی کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے ناقابلِ تنسیخ حق کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔
پاکستان نے زور دیا کہ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی قانون، عالمی برادری کی قانونی حیثیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: غزہ میں انسانی بحران بدستور سنگین، پاکستان کا سلامتی کونسل میں فوری اقدامات کا مطالبہ
پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاسی عمل کا اختتام 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، جغرافیائی طور پر متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔













