آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے تمام انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی، جبکہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور خلافِ حقائق قرار دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے تمام حلقہ جات میں 10 اگست کو شیڈول کے مطابق پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا اور انتخابات کے التوا سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور 10 اگست کو مقررہ شیڈول کے مطابق اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال یقینی بنائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر انتخابی شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام کو بروقت اور باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ الیکشن کمیشن نے پونچھ ڈویژن کے 6 حلقوں میں انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔













