وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام سے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے مشکلات، ناانصافی اور بنیادی انسانی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ہر انسان کا بنیادی اور آفاقی حق ہیں اور ہر فرد کو عزت، مساوات، آزادی اور قانون کے مساوی تحفظ کا حق حاصل ہے۔
یومِ استحصالِ کشمیر: پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نےکہا کہ یہ دن کشمیری عوام سے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔@alihamzaisb pic.twitter.com/X7TIGCcSsH— Media Talk (@mediatalk922) August 5, 2026
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں:یومِ استحصالِ کشمیر: جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت بحال کی جائے، سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، انسانی وقار، امن اور قانون کی بالادستی ہی خطے میں پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ جموں و کشمیر کے عوام کو امن، آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو اور انہیں ان کے بنیادی حقوق میسر آئیں۔














