گوگل نے اعلان کیا ہے کہ جی میل میں موجود تھرڈ پارٹی ’سینڈ ایز‘ فیچر کو جنوری 2027 سے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا جس کے بعد صارفین اپنی جی میل ان باکس سے یاہو، آؤٹ لک یا دیگر کسٹم ڈومین ای میل پتوں کے ذریعے ای میل نہیں بھیج سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی سیٹلائٹ تصاویر کے خدشات، گوگل نے نیا اے آئی فیچر عارضی طور پر واپس لے لیا
یہ فیچر ان صارفین میں خاصا مقبول تھا جو متعدد ای میل اکاؤنٹس رکھتے تھے لیکن تمام ای میلز ایک ہی جی میل اکاؤنٹ سے مختلف پتوں کے نام سے بھیجنا چاہتے تھے۔
گوگل کے مطابق جنوری 2027 سے صارفین جی میل کی ویب سائٹ اور اینڈرائیڈ و آئی او ایس موبائل ایپس کے ذریعے @yahoo.com، @outlook.com یا دیگر تھرڈ پارٹی ای میل پتوں سے ای میل بھیجنے کے قابل نہیں رہیں گے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ سے پہلے ہی نئے تھرڈ پارٹی ’سینڈ ایز‘ سیٹ اپ بنانے کی سہولت بھی محدود کر دی جائے گی تاکہ صارفین بتدریج متبادل طریقوں کی طرف منتقل ہو سکیں۔
البتہ گوگل نے وضاحت کی ہے کہ جی میل ٹو جی میل عرفیت والےای میل پتے اور گوگل ورک اسپیس کے’سینڈ ایز‘ فیچر پر اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اسی طرح صارفین اب بھی جی میل ایپ میں دیگر ای میل اکاؤنٹس شامل کرکے ان کی موصول ہونے والی ای میلز پڑھ سکیں گے۔
مزید پڑھیے: گوگل کروم کا بڑا سیکیورٹی اقدام، نقصان دہ ایکسٹینشنز کا راستہ بند کرنے کی تیاری
اس کے علاوہ آؤٹ لک، تھنڈر برڈ، ایپل میل اور دیگر ای میل کلائنٹس آئی میپ یا پی او پی پروٹوکول کے ذریعے جی میل استعمال کرتے رہیں گے جبکہ جی میل اے پی آئی بھی دستیاب رہے گی۔
یاد رہے کہ گوگل نے جنوری 2026 میں ہی جی میلی فائی اور ویب پر مبنی ’پی او پی میل فیچنگ‘ فیچر بھی بند کر دیا تھا جس کے ذریعے جی میل بیرونی ای میل اکاؤنٹس پر اسپیم فلٹرنگ اور ان باکس آرگنائزیشن کی سہولت فراہم کرتا تھا۔
اس تبدیلی کے بعد وہ صارفین جو مختلف ای میل سروسز سے پیغامات جی میل میں پی او پی کے ذریعے وصول کرتے تھے، انہیں پہلے ہی یا براہ راست ای میل فارورڈنگ جیسے متبادل طریقے اختیار کرنے پڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: گوگل نے لانچ سے پہلے ہی اے آئی سٹوڈیو موبائل ایپ کیوں منسوخ کی؟
ماہرین کے مطابق اگر آپ اپنی جی میل سے کسی دوسرے ای میل پتے کے نام سے پیغامات بھیجنے کے لیے ’سینڈ ایز‘ فیچر استعمال کرتے ہیں تو بہتر ہے کہ جنوری 2027 سے پہلے ہی کوئی متبادل طریقہ اختیار کر لیں تاکہ بعد میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔














