ورلڈ کپ2027 کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان، ویسٹ انڈیز کی براہِ راست رسائی خطرے میں

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے  ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، تاہم میزبان ملک کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 2027 کے ایک روزہ عالمی کپ کے لیے نئے کوالیفائنگ نظام کا اہم حصہ ہوگا، جس کا اعلان رواں سال جولائی میں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا ورلڈ کپ 2027 کے لیے نیا 3 مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ کیا ہے؟

نئے نظام کے تحت کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہِ راست 14 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ میں جگہ بنائے گی، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں نئے متعارف کرائے گئے سپر سیریز مرحلے میں پہنچیں گی۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم عالمی کپ کے مرکزی 12 ٹیموں والے مرحلے میں آخری نشست حاصل کرے گی۔

ورلڈ کپ 2027، 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مختلف میدانوں میں کھیلا جائے گا۔

کوالیفائر میں آئی سی سی کی 30 ستمبر 2026 کی ایک روزہ درجہ بندی کے مطابق میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے کے علاوہ 2 کم درجہ بندی والے مستقل رکن ممالک شرکت کریں گے۔ ان کے ساتھ عالمی کپ لیگ 2 کی 4 بہترین ٹیمیں اور عالمی کپ کوالیفائر پلے آف کی 4 ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا آغاز، پی سی بی کا 4 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان

کوالیفائر پلے آف میں لیگ 2 کی آخری 4 ٹیمیں اور چیلنج لیگ کی 4 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ اس مرحلے سے 4 بہترین ٹیمیں عالمی کپ کوالیفائر کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ویسٹ انڈیز کی براہِ راست عالمی کپ تک رسائی خطرے میں

دریں اثنا، ویسٹ انڈیز کی براہِ راست عالمی کپ تک رسائی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم اس وقت آئی سی سی کی ایک روزہ درجہ بندی میں دسویں نمبر پر موجود ہے اور درجہ بندی کی آخری تاریخ سے قبل اس کے پاس بھارت کے خلاف ستمبر میں صرف 2 ایک روزہ میچ باقی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی قسمت کا انحصار افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز پر بھی ہوگا۔ اگر آئرلینڈ سیریز4-1 یا 5-0 سے جیت لیتا ہے اور ویسٹ انڈیز بھارت کے خلاف اپنے دونوں میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو سابق عالمی چیمپیئن ٹیم ٹاپ 8 میں جگہ بناسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے 12 میزبان وینیوز کا اعلان کردیا

تاہم اگر افغانستان سیریز جیت جاتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو تقریباً یقینی طور پر عالمی کپ کوالیفائر کھیلنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز 2023 کے ایک روزہ عالمی کپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا، جب اسے ہرارے میں کھیلے گئے کوالیفائر میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp