پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں پیشگی اجازت اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کے بغیر حصہ لینے والے سابق پاکستانی کرکٹرز کے خلاف سخت تادیبی اقدامات کا عندیہ دیدیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے ایشین لیجنڈز لیگ میں بعض سابق قومی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیا ہے۔
بیان کے مطابق جو بھی سابق کھلاڑی پی سی بی کی پیشگی منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوا، اس کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
2 سال تک این او سی جاری نہیں ہوگا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیاکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سابق کرکٹرز کو آئندہ 2 برس تک کسی بھی منظور شدہ غیر ملکی کرکٹ لیگ یا ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
PCB Reiterates Commitment to ICC Regulations on Participation in Unsanctioned Cricket Events
Details here ➡️ https://t.co/pirvYQdO2c pic.twitter.com/V2BE9l6og6
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 4, 2026
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے سابق کھلاڑی 2 سال تک پاکستان کرکٹ بورڈ یا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تحت کوچنگ، مینٹورنگ، مشاورت یا کسی بھی انتظامی و تکنیکی عہدے کے لیے بھی اہل نہیں ہوں گے۔
آئی سی سی ضوابط پر عملدرآمد کا اعادہ
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہاکہ بورڈ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضوابط پر مکمل عملدرآمد اور کرکٹ کے نظم و نسق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اسی لیے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز پر لازم ہے کہ بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل باقاعدہ این او سی حاصل کریں۔
زیمبیا کرکٹ یونین نے بھی لیگ سے لاتعلقی ظاہر کر دی
دوسری جانب زیمبیا کرکٹ یونین پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ایشین لیجنڈز لیگ کو اس کی جانب سے کوئی منظوری حاصل نہیں اور نہ ہی یہ اس کے زیر انتظام منعقد ہونے والا باقاعدہ ٹورنامنٹ ہے۔
محمد حفیظ، سہیل تنویر اور عمر اکمل واپس لوٹ آئے
رپورٹس کے مطابق سابق قومی کرکٹر محمد حفیظ، سہیل تنویر اور عمر اکمل لیگ میں شرکت کے لیے زیمبیا کے دارالحکومت لوساکا پہنچے تھے، تاہم جب انہیں معلوم ہوا کہ ایونٹ کو باقاعدہ منظوری حاصل نہیں تو انہوں نے کوئی میچ کھیلے بغیر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم اطلاعات ہیں کہ دیگر کئی سابق پاکستانی کرکٹرز مبینہ طور پر اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر چکے ہیں۔
6 ٹیمیں ایونٹ میں شریک
ایشین لیجنڈز لیگ میں پاکستان پینتھرز، انڈین رائلز، سری لنکن لائنز، بنگلہ دیش ٹائیگرز، افغانستان پٹھانز اور ایشین اسٹارز سمیت چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں مختلف ایشیائی ممالک کے سابق بین الاقوامی کرکٹرز شامل ہیں۔














