ایران عمان مذاکرات میں پیشرفت، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں

جمعرات 6 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جبکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے سے متعلق پیش رفت کے منتظر ہیں۔

عالمی معیار برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 33 سینٹ یا 0.42 فیصد کمی کے بعد 79.12 ڈالر فی بیرل رہ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 42 سینٹ یا 0.56 فیصد سستا ہو کر 74.80 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

بدھ کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا تھا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی معمولی کمی پر بند ہوا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بدھ کو بتایا کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے متفقہ بحری راستے کے جغرافیائی نقاط پر اتفاق کر چکے ہیں اور اگر کسی تیسرے فریق نے مداخلت نہ کی تو اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جلد جاری کر دیا جائے گا۔

نومورا سیکیورٹیز کے ماہر معاشیات یوکی تاکاشیما کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت کی خبروں کے بعد مارکیٹ میں فروخت کا رجحان بڑھا، جس سے تیل کی قیمتوں پر دباؤ آیا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتیں دوبارہ اس سطح پر آ گئی ہیں جو 17 جون کو امریکا اور ایران کے درمیان عبوری امن معاہدے کے بعد دیکھی گئی تھی، جبکہ سرمایہ کار اس بات پر نظریں جمائے ہوئے ہیں کہ آیا دونوں ممالک حتمی معاہدے تک پہنچ پاتے ہیں یا نہیں۔

آبنائے ہرمز پر ایران کو بڑا کردار ملنے کی تجویز

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان زیر غور مجوزہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کے راستے خلیج میں داخل ہونے والے بحری جہازوں کی نگرانی اور انتظام میں ایران کو اہم کردار دیا جا سکتا ہے، جسے تہران کے لیے اب تک کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم امریکا کی جانب سے اس تجویز پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کا معاہدہ جلد متوقع ہے، لیکن امریکی حکام مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ واشنگٹن دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہ پر ایران کے مکمل کنٹرول کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔

آئی این جی بینک کے تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں توانائی کی سپلائی معمول پر آنے کا انحصار اب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پر ہے، کیونکہ ان میں نمایاں پیشرفت کے بغیر تیل کی ترسیل کی مکمل بحالی ممکن نہیں۔

تیل کی برآمدات بدستور معمول سے کم

شپنگ ڈیٹا کے مطابق جولائی کے دوران خلیجی ممالک کی خام تیل اور کنڈینسیٹ کی برآمدات تقریباً مستحکم رہیں، تاہم یہ جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں اب بھی تقریباً 40 فیصد کم ہیں۔

ماہرین کے مطابق حوثیوں کے ممکنہ حملوں کے خدشات اب بھی بحیرہ احمر میں بحری تجارت اور تیل کی ترسیل کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا، امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی ایک وجہ ریفائنریوں میں پروسیسنگ کی رفتار میں معمولی کمی اور درآمدات میں اضافہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

الیکشن کمیشن کی قائد حزب اختلاف کے اثاثوں سے متعلق کیس زیر سماعت ہونے کی خبروں کی تردید

تہران واشنگٹن مذاکرات: ماہرین نے امریکا کو ایران کی حکمتِ عملی سے خبردار کردیا

سپریم کورٹ کا مالک اور کرایہ دار کے تنازع پر اہم فیصلہ، ہائیکورٹ کا حکم کالعدم

پی سی بی کا بڑا ایکشن: کرکٹر حمزہ نذر 2 سال کے لیے معطل، 10 لاکھ روپے جرمانہ

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب روانہ، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے

ویڈیو

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب روانہ، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے

وزیراعظم، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ سعودی عرب آج سے، خطے کی صورتحال اور فلسطین سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی، دفتر خارجہ

سولر انقلاب کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا امتحان، ماہرین کا بیٹری اسٹوریج اور اسمارٹ گرڈز کی اہمیت پر زور

کالم / تجزیہ

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر

کشمیر: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

پہلا دروازہ