ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ پیٹ پھولنے (انتفاخ) کی وجہ صرف کھانا یا مشروبات نہیں ہوتے بلکہ ہارمونز، ذہنی دباؤ اور نظامِ ہاضمہ سے متعلق کئی عوامل بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ماہر غذائیت ڈاکٹر ایما ڈربی شائر نے بتایا کہ پیٹ پھولنے کی 5 بڑی اقسام میں گیس، جسم میں پانی جمع ہونا، ہارمونز سے متعلق انتفاخ، بعض غذاؤں سے حساسیت اور ہاضمے کی سستی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:’پیٹ میں کیڑا پیدا ہو گیا‘، والد نے ویڈیو دکھا بچی کی جنک فوڈ کی عادت چھڑوا دی
ڈاکٹر ایما ڈربی شائر کے مطابق پیٹ پھولنے کی عام وجوہات میں جسم میں پانی کا جمع ہونا، قبض، ذہنی دباؤ، جلدی جلدی کھانا اور ماہواری کے دوران ہارمونز میں تبدیلی شامل ہیں، جو پانی کے اجتماع اور چکنائی والی غذاؤں کی خواہش میں اضافہ کر سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پھلیاں، گیس والے مشروبات، دودھ سے بنی اشیا، گلوٹن والی غذائیں، مصنوعی مٹھاس، فاسٹ فوڈ اور بند گوبھی، پھول گوبھی جیسی سبزیاں بھی بعض افراد میں پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس کیفیت سے فوری آرام کے لیے مناسب مقدار میں پانی پینا، پودینے کی چائے استعمال کرنا، ہلکی چہل قدمی کرنا، پیٹ پر نیم گرم پٹی رکھنا، تنگ لباس سے گریز کرنا اور اپنی غذائی عادات کا ریکارڈ رکھنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:بچہ پیدا کرنے کے لیے ویجائنا کٹوائیں یا پیٹ؟
طویل المدتی بچاؤ کے لیے ماہرین آنتوں کی صحت بہتر بنانے، ذہنی دباؤ کم کرنے، گہری سانس لینے کی مشق، الکحل سے پرہیز، مناسب مقدار میں پانی پینے، کم مقدار میں لیکن وقفے وقفے سے کھانا کھانے اور روزانہ جسمانی سرگرمی اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹ پھولنے کی شکایت طویل عرصے تک برقرار رہے یا بار بار ہو، خصوصاً اگر اس کے ساتھ پیٹ میں شدید درد، بخار، پاخانے میں خون یا بھوک میں نمایاں کمی جیسی علامات بھی موجود ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ یہ کسی سنگین بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہیں۔














