پاکستان نے اسکریبل کے کھیل میں ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے 21 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔ گرین شرٹس نے بہترین کارکردگی کی بدولت ساتویں مرتبہ عالمی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس عالمی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 11 مختلف ممالک سے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے پورے ایونٹ میں شاندار اسپیڈ اور الفاظ کا بہترین چاؤ دکھاتے ہوئے سب سے زیادہ ٹرافیاں جیتیں اور ٹیم ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انفرادی مقابلے میں اگرچہ آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو عالمی چیمپئن بنے، تاہم پاکستان کے تین کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ مختلف عمر کی کیٹیگریز میں بھی پاکستانی جونیئرز نے شاندار کامیابی سمیٹی:
انڈر 16 کیٹیگری: پاکستان کے احمد سلمان نے اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
انڈر 14 کیٹیگری: احد صولت فاطمی نے شاندار کھیل پیش کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
انڈر 12 کیٹیگری: مصطفیٰ فرحان نے بہترین مقابلے کے بعد دنیا میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
انڈر 10 کیٹیگری: پاکستانی ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی تیمور وسیم نے عالمی ٹائٹل جیتا۔ یاد رہے کہ تیمور وسیم نے گزشتہ سال بھی انڈر 8 ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان کی اس تاریخی کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے جونیئر کھلاڑیوں کو شدید سراہا جا رہا ہے۔














