عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ بجٹ میں سب جھوٹ بولا گیا ہے، ملکی معاشی صورتحال پر نواز شریف اور اسحاق ڈار کا بیان نہیں ملتا۔ نواز شریف وطن واپس آئیں تو پتا لگے گا کہ لوگ کس حالت کوپہنچ چکے ہیں۔۔
ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے یونان میں کشتی حادثے میں 300 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اچھی زندگی گزارنے اور بے روزگاری اور معاشی تباہی سے بچنے کے لیے، ڈاکوؤں اور لٹیروں کے ہتھے چڑھ کر اپنے بچوں اور والدین کو چھوڑکر ملک سے باہر جانے پر مجبور ہوئے۔
’اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ان پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر پورا ملک سوگ منا رہا ہے۔‘
مزید پڑھیں
شیخ رشید نے کہا کہ جب آٹا اتنا مہنگا ہو گا تو لوگ زہر کا گھونٹ پیئیں گے، معاشی، اقتصادی، سیاسی تباہی ہو رہی ہے۔ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ اس اندھیرے سے کس طرح نکلنا ہے۔
’9 مئی کے واقعے پر ساری قوم نے مذمت کی ہے لیکن اب لوگوں کو جینے کا حق دو، لوگوں کے گھروں میں ایک وقت کا کھانا ہے، قومیں عوام سے ہوتی ہیں، اگر قوم ہی مر گئی تو پیچھے خاک رہ جائے گا۔ اس قوم کو جذبہ دیں، امید دیں، ناامیدی اور مایوسی نہ پھیلائیں۔ پاکستان انشاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ میں سب جھوٹ بولا گیا ہے ، نواز شریف اور اسحاق ڈار کا بیان نہیں ملتا۔ نواز شریف واپس آ جائیں تو پتہ لگے گا کہ لوگ کس حالت میں پہنچ چکے ہیں۔ادارے پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر اجالے میں لے کے جائیں۔ لوگوں کو امید دلائیں۔ نوجوان دباؤ کا شکار ہیں، گھروں میں صف ماتم بچھی ہیں، سب مل کر پاکستان کو آگے لے کے چلیں۔‘
pic.twitter.com/YHKGQQEFwt— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 19, 2023