پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل چیمپیئنز کپ 2026 کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا، ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 5 رکنی کمنٹری پینل میں سابق قومی کپتان سلمان بٹ، علی یونس، طارق سعید، ایمن انور اور راجا اسد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل چیمپیئنز کپ: پی سی بی کا شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان، شاہین آفریدی سمیت 4کپتان مقرر
نیشنل چیمپئنز کپ میں 4 ٹیمیں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں ہر ٹیم لیگ مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے گی۔
لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست 2 ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 18 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
View this post on Instagram
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان، پاکستان وائٹس کی صائم ایوب، پاکستان بلیوز کی صاحبزادہ فرحان جبکہ پاکستان گولڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل چیمپینز کپ: مائیک ہیسن کی چاروں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف سے اہم مشاورت
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیشنل چیمپیئنز کپ 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہے، جس میں قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی نے چاروں ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 44 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، جبکہ 13 کھلاڑیوں پر مشتمل ریزرو پول بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ ریزرو کھلاڑیوں کو صرف انجری یا سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں متبادل کے طور پر شامل کیا جاسکے گا۔
ٹورنامنٹ کے ذریعے قومی سلیکٹرز کو کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور صلاحیتوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع ملے گا، تاکہ 2027 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تیاری میں مدد حاصل ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل چیمپیئنز کپ: کھلاڑی ہفتے سے ملتان رپورٹ کریں گے، اسکواڈز کا اعلان
نیشنل چیمپئنز کپ کے میچز کا آغاز 11 اگست کو پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے مقابلے سے ہوگا، جبکہ فائنل 18 اگست کو کھیلا جائے گا۔














