’سارو گنگولی کو ختم کردیں گے‘، سابق بھارتی کپتان کو سنگین دھمکیاں

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد کولکتہ پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرادی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان کو گزشتہ کئی ماہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز اور قابلِ اعتراض خطوط موصول ہو رہے تھے، تاہم ابتدا میں انہیں کسی شخص کی ذاتی ناراضی یا مداح کی حد سے بڑھی ہوئی جذباتی کیفیت قرار دے کر نظر انداز کیا جاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی پر بائیوپک کا آغاز، مرکزی کردار کون نبھائے گا، فلم کا عنوان کیا ہے؟

حالیہ دنوں میں موصول ہونے والے دو خطوط میں سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کے خلاف نہ صرف توہین آمیز زبان استعمال کی گئی بلکہ انہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر گنگولی کے ذاتی معاون اور خاندان کی جانب سے کولکتہ کے تھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی گئی جبکہ ریاستی حکومت کے سیکیورٹی محکمے کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان جانے والے ہر فرد کو پکڑا جائے‘، بھارت میں چلنے والے ٹرینڈ پر پاکستانیوں کے زبردست وار

شکایت میں پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والے شخص کی شناخت کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے اور سارو گنگولی، ڈونا گنگولی سمیت ان کے عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق یہ خطوط کورئیر کے ذریعے گنگولی کی رہائش گاہ پر بھیجے گئے۔ پیکٹ پر بھیجنے والے کا نام ’ارون کمار‘ درج تھا، جسے بیلگھریا کا رہائشی بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سب سے بڑی دشمنی‘: پاک بھارت کرکٹ سے متعلق نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری کب ریلیز ہورہی ہے؟

تفتیش کاروں نے خط میں درج فون نمبر کا بھی سراغ لگایا، جو ’Truecaller‘ پر بھی ارون کمار کے نام سے ظاہر ہوا۔ تاہم پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا خطوط واقعی اسی شخص نے بھیجے یا کسی اور نے اس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے گنگولی خاندان کو دھمکیاں دیں۔

پولیس حکام نے گنگولی کے ذاتی معاون کو یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور سابق بھارتی کپتان اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

سارو گنگولی کی اہم عوامی حیثیت کے باعث ریاستی سیکیورٹی محکمہ بھی دھمکی کا جائزہ لے رہا ہے اور اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ آیا انہیں اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp