’انفینٹینو کو ہٹانا بڑی غلطی ہوگی‘، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کو خبردار کردیا

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹانا فیفا کے لیے ’بڑی غلطی‘ ہوگی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ فیفا کسی بھی وجہ سے جیانی انفینٹینو کو صدر کے عہدے سے ہٹانے پر غور کرے تو یہ ایک ’بہت بڑی غلطی‘ ہوگی۔

امریکی صدر نے انفینٹینو کو ’شاندار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک کے سب سے کامیاب ورلڈ کپ کی نگرانی کی ہے اور اگر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا تو آئندہ کوئی بھی ورلڈ کپ دوبارہ اتنا کامیاب یا منافع بخش نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا جلد پاکستان کے دورے کا اعلان

ٹرمپ کی جانب سے انفینٹینو کی حمایت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب فیفا کے صدر کو عالمی فٹبال کی مختلف تنظیموں کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

انفینٹینو کو حال ہی میں ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کے منصوبے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ منصوبے کے تحت فیفا کے ٹورنامنٹس کے تجارتی اور انتظامی امور کے لیے ایک نئی کمپنی بنانے اور اس میں قریباً 20 فیصد حصہ نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

تاہم شدید مخالفت کے بعد فیفا نے یہ منصوبہ واپس لے لیا۔ اس معاملے نے انفینٹینو کی قیادت پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور یورپی، ایشیائی اور شمالی و وسطی امریکی فٹبال کی تنظیموں کی جانب سے ان کے خلاف دباؤ بڑھ گیا ہے۔

یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور کونکاکاف کے سربراہان نے ایک مشترکہ خط میں فیفا کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تینوں تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا کہ فٹبال کی قیادت کسی فرد کی ملکیت نہیں بلکہ یہ فٹبال سے وابستہ تمام اداروں اور شائقین کی امانت ہے۔

مزید پڑھیں: ’نفرت کے بیج نہ بوئیں‘: ورلڈ کپ 2026 پر تنقید کرنے والوں کو فیفا صدر کا دوٹوک جواب

تینوں کنفیڈریشنز نے انفینٹینو پر اعتماد کے بحران کے حوالے سے بھی سخت زبان استعمال کی، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا کے بعض مقابلوں کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی سامنے آ چکی ہے۔

فیفا نے تجارتی منصوبے سے متعلق تنازع کے بعد وضاحت اور معذرت کی، تاہم انفینٹینو کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس معاملے نے فیفا کی قیادت میں شفافیت اور فیصلہ سازی کے حوالے سے بنیادی سوالات پیدا کردیے ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ نے انفینٹینو کی قیادت کو ورلڈ کپ کی کامیابی سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رخصتی سے عالمی فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی کامیابی اور منافع پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے انفینٹینو کی یہ کھلی حمایت اس وقت سامنے آئی ہے جب فیفا کے اندر اور مختلف براعظمی فٹبال تنظیموں میں ان کی قیادت کے مستقبل پر بحث تیز ہوگئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp