2 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز ورلڈکپ 2027 کے لیے براہ راست کوالیفائی نہ کرسکی

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

2 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم ورلڈکپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی، جس کے بعد اسے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ کوالیفائر کا مرحلہ کھیلنا ہوگا۔

ورلڈکپ 2027 کے لیے 30 ستمبر کی کٹ آف تاریخ تک میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے سمیت 10 ٹیموں نے براہِ راست جگہ بنا لی ہے، جبکہ افغانستان نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کو شکست دے کر ورلڈکپ میں براہِ راست رسائی حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ2027 کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان، ویسٹ انڈیز کی براہِ راست رسائی خطرے میں

ورلڈکپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش، جنوبی افریقا، زمبابوے اور افغانستان شامل ہیں۔

دوسری جانب 10 ویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کو بھارت کے خلاف کٹ آف تاریخ تک مزید 2 ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، تاہم دونوں میچز میں کامیابی کے باوجود ویسٹ انڈیز براہِ راست ورلڈکپ میں جگہ نہیں بنا سکے گا۔

یوں ویسٹ انڈیز کو آئندہ فروری میں ورلڈکپ کوالیفائر کا مرحلہ کھیلنا ہوگا۔ یہ مسلسل دوسری مرتبہ ہوگا کہ ویسٹ انڈیز کوالیفائر مرحلے سے گزرے گا، کیونکہ ٹیم پہلی مرتبہ 2023 کے ورلڈکپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم معرکے 25 جولائی سے شروع ہوں گے

فروری میں ہونے والے کوالیفائر کی فاتح ٹیم ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے میں براہِ راست رسائی حاصل کرے گی، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی۔

سپر سیریز کی فاتح ٹیم بھی ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp