پاکستان نے ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 کے پلیٹ ڈویژن میں ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چینی تائی پے کو 38 کے مقابلے میں 55 گول سے شکست دے دی۔
ہانگ کانگ میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 17 گول کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان پلیٹ ڈویژن میں جاپان، تھائی لینڈ، چینی تائی پے اور جنوبی کوریا کے ساتھ مقابلہ کر رہا ہے۔ ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ 8 سے 15 اگست تک ہانگ کانگ کے کائی ٹاک ایرینا میں جاری ہے۔
پاکستان نے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز بھی شاندار انداز میں کیا تھا اور جاپان کو 34 کے مقابلے میں 58 گول سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد گرین شرٹس نے جنوبی کوریا کے خلاف بھی ایک اور عمدہ اور یکطرفہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں ٹیمیں کپ اور پلیٹ ڈویژن میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ یہ ٹورنامنٹ 2027 کے نیٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ 2027 کا عالمی کپ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
فائنل اسکور:
پاکستان 55 — 38 چینی تائی پے














