ملائیشین شہزادی کی برطانوی ریسنگ ڈرائیور سے شاہانہ شادی

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملائیشیا کی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی شہزادی  راجا تنگکو پوتیری ایلیانا عالیہ نے برطانوی ریسنگ ڈرائیور کرسٹوفر لیونل فروگٹ سے شادی کرلی۔

شاہی جوڑے کی شادی 7 اگست کو کوالالمپور کے شانگری لا ہوٹل میں ہوئی، جس میں پاہانگ کے سلطان عبداللہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: سوئٹزرلینڈ کی شادی نے امبانیز کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

شہزادی ایلیانا پاہانگ کے سلطان عبداللہ ریعایت الدین المصطفیٰ باللہ شاہ کی صاحبزادی ہیں، جو 2019 سے 2024 تک ملائیشیا کے بادشاہ بھی رہ چکے ہیں۔ ملائیشیا میں بادشاہت کا منفرد نظام رائج ہے، جس کے تحت ملک کے 9 موروثی حکمران باری باری 5 سال کے لیے بادشاہ بنتے ہیں۔

شادی کی تقریبات اسلامی اور ملائی شاہی روایات کے مطابق منعقد ہوئیں۔ شادی کی کارروائی سے قبل کرس فروگٹ نے سنت نماز ادا کی، جس کے بعد نکاح کی تقریب ہوئی۔ جوڑے نے شادی کی انگوٹھیاں پہنائیں اور مہر کی ادائیگی کی رسم بھی مکمل کی۔

View this post on Instagram

A post shared by Ckay Liow (@ckay_liow)

تقریب کے بعد دعا اور شاہی روایات کے تحت مختلف رسومات ادا کی گئیں، جن میں نوبیاہتا جوڑے پر علامتی طور پر پانی چھڑکنے کی رسم بھی شامل تھی۔

تقریب میں پاہانگ کے وزیر اعلیٰ وان روسڈی وان اسماعیل اور متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نہیان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

پاہانگ کے شاہی محل نے شادی کے بعد جاری بیان میں شہزادی ایلیانا اور کرسٹوفر فروگٹ کے لیے خوشی، برکت اور خوشحالی کی دعا کی۔

شہزادی کا شاہانہ لباس

شہزادی ایلیانا نے شادی کے موقع پر ملائیشیا کے معروف ڈیزائنر رضوان رضی ول کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا۔ انہوں نے ملکہ عزیزہ کا ہیرے جڑا تاج بھی پہنا، جو پاہانگ کے شاہی خاندان کا قیمتی ورثہ ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by RADZUAN RADZIWILL (@radzuanradziwill)

یہ تاج پہلی مرتبہ برسلز کے بیلجئم زیورات فروش وولفرز سے حاصل کیا گیا تھا اور اس سے قبل پاہانگ کے شاہی خاندان کی دیگر خواتین بھی اسے شادی کی تقریبات میں پہن چکی ہیں۔

کرس فروگٹ کون ہیں؟

32 سالہ کرسٹوفر فروگٹ برطانوی ریسنگ ڈرائیور ہیں اور جی ٹی ریسنگ کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ وہ یورپ کے جی ٹی ورلڈ چیلنج کے برداشت پر مبنی مقابلوں میں بھی شریک رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی کی تاریخ طے ہو گئی

موٹر ریسنگ میں ان کی دلچسپی اٹلی میں فراری کی ڈرائیونگ آزمائش کے بعد مزید بڑھی۔ فراری کے ٹیسٹ ٹریک پر ڈرائیونگ کے تجربے نے انہیں پیشہ ورانہ ریسنگ کو سنجیدگی سے اختیار کرنے کی ترغیب دی، جس کے بعد انہوں نے بین الاقوامی موٹر ریسنگ میں اپنا سفر شروع کیا۔

شہزادی ایلیانا اور کرسٹوفر فروگٹ نے اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر ذرائع ابلاغ کی نظروں سے دور رکھا، اس لیے شادی سے قبل ان کے تعلق کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp