بلوچستان: بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا، 8 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے بارودی گاڑی تیار کرنے کے دوران قبل از وقت دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2026 کی صبح دہشت گرد بارودی گاڑی تیار کر رہے تھے کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 12 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے اور دہشتگردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر دھماکا خیز مواد کے پھٹنے کے باعث قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے جامع مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف مسلسل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں: دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے معاوضوں میں بڑا اضافہ، بلوچستان حکومت نے نئی مالی امدادی پالیسی نافذ کر دی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp