اسلام آباد: مارگلہ ٹریلز 13 اگست کو عوام کے لیے بند رہیں گی

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے مارگلہ ہلز کے چند اہم تفریحی راستے (ٹریلز) 13 اگست کو عوام کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریلز پر جانے سے پہلے یہ 5 کام ضرور کریں!

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل جمعرات 13 اگست کو پورے دن عوام کے لیے بند رہیں گے۔

یہ نوٹیفکیشن اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کے دفتر سے جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تمام ٹریلز پر عام شہریوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

انتظامیہ نے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بندش کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

نوٹیفکیشن کی نقول چیف کمشنر آفس اسلام آباد، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، وزارت داخلہ، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد میں ہائیکنگ ٹریلز اور پارکس عوام کے لیے کھول دیے گئے

اس کے علاوہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انوائرمنٹ اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کو بھی آگاہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس اور دیگر پولیس حکام کو بھی بندش کے حوالے سے ضروری کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔

بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی

ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں 13 اگست کو ٹریلز بند کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ تاہم انتظامیہ نے میڈیا اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ عوام کو اس پابندی سے آگاہ کریں تاکہ شہری متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے معلومات حاصل کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریل 1 سے 6 کتنے خطرناک اور جان لیوا ہیں؟

انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی عام عوام پر لاگو ہوگی اور پانچوں مخصوص ٹریل ایریاز پورے دن بند رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp