شہاب ثاقب کی بارش آج رات عروج پر، آسمان پر شاندار منظر دیکھنے کا موقع

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سال کے خوبصورت ترین فلکیاتی مناظر میں شمار ہونے والی پرسیڈ شہابیوں (شہاب ثاقب) کی بارش آج رات 12 اور 13 اگست کے درمیان عروج پر ہوگی، جبکہ نئے چاند کے باعث آسمان زیادہ تاریک ہونے سے اس بار یہ منظر مزید واضح دکھائی دینے کا امکان ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق آسمان پر فی گھنٹہ 100 تک شہابِ ثاقب دکھائی دے سکتے ہیں۔ شہابیوں کی یہ بارش 17 جولائی سے 24 اگست تک جاری رہتی ہے، تاہم اس کا عروج 13 اگست کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: شہاب ثاقب نے اچانک اپنے مدار میں الٹا گھومنا شروع کردیا، ماہرین فلکیات حیران

ماہرین کے مطابق شہابیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھنے کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے بعد آسمان کا مشاہدہ شروع کیا جاسکتا ہے، جبکہ نصف شب سے صبح تک دیکھنے کے امکانات زیادہ بہتر ہوں گے۔

پرسیڈ شہابیوں کی بارش کیا ہے؟

پرسیڈ شہابیوں کی بارش دمدار ستارے ’سوئفٹ ٹٹل‘ کے چھوڑے ہوئے گرد و غبار اور چٹانی ذرات کے باعث ہوتی ہے۔ جب زمین اس ملبے کے راستے سے گزرتی ہے تو یہ چھوٹے ذرات فضائی تہہ میں داخل ہوکر جلتے ہیں اور آسمان پر روشن لکیروں کی صورت میں دکھائی دیتے ہیں۔

ناسا کے مطابق پرسیڈ شہابیوں کی بارش سال کی نمایاں ترین شہابی بارشوں میں شامل ہے اور عام طور پر فی گھنٹہ 50 سے 100 شہابِ ثاقب دیکھے جاسکتے ہیں۔

یہ شہابی بارش روشن شہابیوں اور ’فائر بالز‘ کے لیے بھی مشہور ہے۔ بڑے ذرات فضائی تہہ میں داخل ہونے پر زیادہ روشن اور دیرپا روشنی پیدا کرتے ہیں۔

کہاں اور کیسے دیکھا جائے؟

ماہرین کے مطابق شہابیوں کی بارش دیکھنے کے لیے شہر کی روشنیوں سے دور کسی تاریک مقام کا انتخاب بہتر ہوگا۔ دوربین کی ضرورت نہیں، صرف کھلے آسمان کے نیچے لیٹ کر آنکھوں کو اندھیرے کا عادی ہونے کے لیے کچھ وقت دینا کافی ہے۔

2026 میں نئے چاند کے باعث آسمان پر چاندنی نہ ہونے کے برابر ہوگی، جس سے مدھم شہابیے بھی نسبتاً زیادہ واضح نظر آنے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق رواں سال تاریک اور چاند سے خالی آسمان کی وجہ سے پرسیڈ شہابیوں کی بارش حالیہ برسوں کے بہترین فلکیاتی مناظر میں شامل ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد کا آسمان شہاب ثاقب کی وجہ سے جگمگا اٹھا

پاکستان میں پرسیڈ شہابیوں کی بارش 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات کو دیکھی جا سکتی ہے۔ اس کا بہترین وقت رات تقریباً 12 بجے سے صبح طلوعِ فجر تک ہوگا، جبکہ شہر کی روشنیوں سے دور کسی کھلے اور تاریک مقام سے نظارہ زیادہ واضح دکھائی دے گا۔ نئے چاند کے باعث اس رات آسمان نسبتاً تاریک ہوگا، جس سے شہابیوں کو دیکھنے کے امکانات بہتر رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp