آزاد کشمیر کے عوام نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کر دیا، تشدد کسی صورت برداشت نہیں ہوگا،  ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور شوکت نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات کے ذریعے جمہوری راستہ اختیار کیا اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا، جس سے نہ صرف ریاستی رٹ بحال ہوئی بلکہ شفاف انتخابات کا عمل بھی مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کی آڑ میں پرتشدد کارروائیاں، ریاستی اداروں پر حملے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔

راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور شوکت نے کہا کہ انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے تعینات سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہلکاروں پر عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کی جانب سے حملے کیے گئے۔ انتخابی ڈیوٹی پر مامور 8 ہائی وے پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کرکے ان پر تشدد کیا گیا اور ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک روا رکھا گیا۔

ترجمان کے مطابق تشویشناک بات یہ ہے کہ مغوی اہلکاروں کے اہل خانہ کو بھی دھمکی دی گئی کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اغوا کیے گئے تمام اہلکاروں کو قتل کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں ہنگامہ آرائی کی منصوبہ بندی،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی لیک آڈیو کال سامنے آگئی

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مبینہ پرتشدد کارروائیاں کوئی نئی بات نہیں، گزشتہ 4 برس کے دوران آزاد کشمیر اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو قتل اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بعض اہلکاروں کو پہاڑوں سے گرا کر بھی ہلاک کیا گیا، جبکہ راولاکوٹ میں سی ایم ایچ کے باہر آزاد کشمیر پولیس کے ایک اہلکار کو سرعام قتل کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تمام واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پُرامن نہیں بلکہ انتشار اور تشدد کے ذریعے ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اس کا مقصد ریاستی عمل کو متاثر کرنا، ریاستی رٹ کمزور کرنا اور ریاستی اداروں کو کمزور کرکے اپنے مطالبات منوانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور آج بھی صبر و برداشت سے کام لے رہی ہے، تاہم ریاست کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جہاں بھی ریاستی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا، وہاں قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بچوں اور خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرنا اور ریاست کے خلاف اکسانا بھی اسی مبینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے واضح کردیا ہے کہ وہ پُرامن ہیں اور تشدد، انتشار اور افراتفری کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد عزائم کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیز پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں اور ایسے عناصر سے مکمل لاتعلقی اختیار کریں جو نوجوانوں کو ریاست کے خلاف اکسا کر ان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے بالخصوص والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں گمراہ کن پروپیگنڈے اور اشتعال انگیز بیانیے سے دور رکھیں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ ریاستی امن اور نظام کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں فورسز پر حملے منظم سازش کا حصہ، متعدد ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد، ایس ایس پی پونچھ خاور علی شوکت

ترجمان نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ مغوی ہائی وے پولیس اہلکاروں کو فوری اور بحفاظت رہا کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اہلکاروں کی جان و سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کرے گی اور انہیں نقصان پہنچنے کی صورت میں ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، ریاستی اداروں کے اہلکاروں پر حملے کرنے، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے یا اغوا کرکے ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاستی رٹ، عوام کی جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شاہ غلام قادر کی ملاقات، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ

مچل اسٹارک کا نیا ریکارڈ، بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین بولر بن گئے

روس اور ایران کے خطرات کے پیشِ نظر جرمنی کا خفیہ اداروں کو مزید طاقت دینے کا فیصلہ

ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، نارویجن وزیرِ خارجہ کی اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

ویڈیو

ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، نارویجن وزیرِ خارجہ کی اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

‘’میرا پاکستان’ آپ کے نزدیک کس احساس کا نام ہے؟’

لاہورقومی پرچم کے رنگوں سے سج گیا، جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر

کالم / تجزیہ

انڈین خارجہ پالیسی کی ارتھی

ہمیں کاکروچ نہیں، خرگوش چاہئیں

13 برس بعد معلوم ہوا