اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈکوارٹرز اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔ وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی کیا اور اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو دستیاب تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم کا دورہ
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ایرانی وفد نے ملاقات کی
ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ… pic.twitter.com/pKbjTUiWff
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 13, 2026
ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے ایرانی کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ سپورٹ فراہم کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینیئر کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ، تجربہ اور تکنیکی مہارت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں اداروں نے کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:نیشنل چیمپیئنز کپ 2026، پی سی بی نے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا
فریقین نے کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون، ایرانی کرکٹ کے لیے کھیلوں اور کرکٹ کا سامان فراہم کرنے میں معاونت اور جونیئر و سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات کی نشاندہی کے حوالے سے بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔














