یومِ آزادی قومی ذمہ داریوں اور ملکی ترقی کے عزم کی تجدید کا موقع ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا تابناک دن ہے جو آزادی کی نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ملک کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، عزم اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ یومِ آزادی ہمیں قومی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے، اس لیے ذاتی، سیاسی، لسانی اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ قومی یکجہتی، باہمی برداشت، جمہوری تسلسل، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی پاکستان کو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، شہر سبز ہلالی پرچموں سے سج گیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ معرکۂ حق کے دوران قوم اور مسلح افواج کے اتحاد، عزم اور حوصلے نے قومی تاریخ میں روشن باب رقم کیا۔ شہدا اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی اہم پیشرفت قرار دیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آزادی کا تقاضا ایک ایسے پاکستان کی تعمیر بھی ہے جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی ترقی کے ثمرات میسر ہوں۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، مصنوعی ذہانت، سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ آزادی: اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج رات کہاں کہاں آتش بازی ہوگی؟

انہوں نے تحریکِ آزادی میں خواتین کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں مضبوط، خودمختار، جمہوری، آئینی اور فلاحی پاکستان کی تعمیر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp