خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آج اڈیالہ جیل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے ارکان بھی اڈیالہ جیل جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں وفد آج اڈیالہ جیل کا دورہ کرے گا اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات آئینی اور قانونی حق ہے اور اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی فارغ، اکبر ایس بابر کی تابڑ توڑ واپسی، عمران خان کا نیا پلان کیا ہے؟
شفیع جان نے کہا کہ اگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ملاقات کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی اڈیالہ جیل آمد اور عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے جیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ اس مؤقف کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے جیل کا دورہ ان کی اپنی خواہش ہے اور ملاقات طے ہونے کی کوئی پیشگی ضمانت موجود نہیں۔
جیل حکام کے مطابق وزیراعلیٰ کا دورہ محض سیاسی تشہیر اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کی کوشش ہوسکتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو سوشل میڈیا پر موجود حلقوں کے دباؤ کا سامنا ہے۔
ادھر شفیع جان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے آئینی و قانونی حق کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔














