امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اختلافات سے بالاتر ہوکر مل کر کام کریں، صدر، وزیراعظم کا یوم آزادی پر خصوصی پیغام

جمعہ 14 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قومی استحکام، معاشی و انتظامی اصلاحات، امن اور قومی یکجہتی کو ملکی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور تمام طبقات کو مل کر کام کرنے کی دعوت دی ہے۔ قیادت نے دفاع وطن، پانی کے حقوق، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 صدر زرداری کا قومی ذمہ داریوں پر زور

اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آزادی محض ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ہر نسل کی ذمہ داری ہے، جسے قومی ترقی، مضبوط اداروں، معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے ذریعے آگے بڑھانا ہوگا۔

صدر نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا اور اسے مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ‘معرکہ حق’ نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کی صلاحیت اور عزم بھی رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ایک ایسا ملک جو اپنا دفاع کرسکتا ہو، اسے اپنی طاقت کا استعمال تنازعات کو روکنے، امن کے تحفظ اور عوام کے مفادات کے لیے بھی کرنا چاہیے۔

صدر زرداری نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور عزم نے ملک کو بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

عالمی امن، سفارت کاری اور علاقائی استحکام

صدر نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور دنیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپنے سفارتی روابط، جغرافیائی اہمیت اور سفارتی اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ تنازعات خواہ کتنے ہی پیچیدہ کیوں نہ ہوں، بالآخر انہیں مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کی سلامتی اپنے ہمسایوں اور عالمی امن و استحکام سے گہری وابستہ ہے، اس لیے اسلام آباد کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تعاون کے فروغ کی کوششیں جاری رکھے گا۔

معیشت، نوجوان اور اصلاحات ترجیح

صدر زرداری نے ملکی سطح پر معیشت کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے اور حکومتی اداروں کو مؤثر بنانے کے لیے وسیع تر انتظامی، معاشی اور سماجی اصلاحات پر زور دیا۔

انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انہیں معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور آگے بڑھنے کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لاسکیں۔

صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

افغانستان سے متعلق تشویش کا اظہار

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی قومی خودمختاری کا احترام کیا ہے، تاہم انہوں نے افغان طالبان حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مختلف دہشت گرد گروہوں کو اپنی سرزمین پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔

انہوں نے کابل اور بھارت کے درمیان مبینہ تعاون کے ذریعے پاکستانی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف دہشت گرد حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا معاشی استحکام اور قومی اتحاد پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے یوم آزادی کے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کی قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے اور عوام نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران انتہائی مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ملک کو ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی طرف لے جانے کے لیے پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومت کی پالیسیوں پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے۔

 آئی ٹی، صنعت، زراعت اور ہنرمندی پر توجہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ، جدت پر مبنی پائیدار صنعتی و زرعی ترقی اور نوجوانوں کی ہنرمندی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لیے معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور نوجوان نسل کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔

دفاع وطن اور پانی کے حقوق کا عزم

وزیراعظم نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں افواج پاکستان کا کردار قابل فخر ہے۔

ان کے مطابق ‘معرکہ حق’ کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے اتحاد، عزم اور غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے، جبکہ ملک اپنے آبی وسائل کے ناقابل تنسیخ حق کا بھی بھرپور دفاع کرے گا۔

فلسطین اور کشمیر کے لیے حمایت کا اعادہ

وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے جائز حقوق کے لیے اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے سفارتی حل پر ہے، جس کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ قومی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اختلافات سے بالاتر ہوکر تعمیری انداز میں مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ملک کی ترقی، قومی مفاد اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات

پاکستان کا 79واں یوم آزادی جمعہ کے روز قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور امن کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات اور قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp