گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو کا گاؤں منٹھل ہر سال یوم آزادی منفرد جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ مناتا ہے لیکن اس تقریب کی سب سے نمایاں بات وہ سابق فوجی افسران اور جوان ہیں جو ریٹائرمنٹ کے باوجود آج بھی وطن کی خدمت کے لیے خود کو تیار سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کبھی پاکستان کو ان کی ضرورت پڑی تو وہ افواج پاکستان کی ایک کال پر دوبارہ خدمت کے لیے حاضر ہوں گے اور وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یوم آزادی کے موقعے پر پورا گاؤں قومی پرچموں سے سجایا جاتا ہے، شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں جبکہ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا جاتا ہے۔ اس پروقار تقریب میں بچے، نوجوان، بزرگ، خواتین اور سابق فوجی سب ایک ساتھ شریک ہوتے ہیں۔
اس موقعے پر بزرگ اپنے فوجی تجربات اور شہدا کی قربانیوں کی داستانیں نئی نسل کو سناتے ہیں تاکہ وطن سے محبت، قربانی اور قومی ذمہ داری کا جذبہ نسل در نسل منتقل ہوتا رہے۔
یہ رپورٹ محض جشن آزادی کی ایک تقریب کی روداد نہیں بلکہ اس بات کی عکاسی بھی ہے کہ ایک چھوٹا سا گاؤں کس طرح اپنی فوجی روایات، شہدا کی یاد اور قومی جذبے کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہے۔ اور آخر وہ جذبہ کیا ہے جو منٹھل کے ریٹائرڈ سپاہیوں کو برسوں بعد بھی یہ کہنے پر آمادہ کرتا ہے کہ ’وطن پکارے تو آج بھی حاضر ہیں‘۔ جانیے پاک فوج کے سپوتوں کے انمول جذبات اس ویڈیو رپورٹ میں۔












