آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

جمعہ 14 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم آزادی پر کہا ہے کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 79 سال مکمل ہوچکے ہیں اور صرف 21 سال بعد قوم آزادی کی سینچری منائے گی، تاہم آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2047 تک موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے کہ آئین میں کیے گئے اس وعدے کو ہر گھر تک پہنچائے۔

آزادی، حقوق کے وعدے کا نام ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ قیام پاکستان کا مقصد صرف ایک آزاد سرزمین کا حصول نہیں تھا بلکہ پاکستان کے لوگوں اور ان علاقوں و ریاستوں سے حقوق کی فراہمی کا وعدہ بھی تھا جنہوں نے پاکستان کے ساتھ جڑنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وعدے کو آئین میں تحریر کیا گیا اور قوم اسے بار بار دہراتی بھی ہے، تاہم ہمیشہ اس پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جاتا۔

2047 تک وعدہ پورا کرنے کا عزم

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے تک یعنی 2047 تک موجودہ نسل کا کام ہے کہ آئینی وعدے کو عملی شکل دے کر اسے ہر گھر تک پہنچایا جائے۔

v

انہوں نے اس مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان تشکیل دینا ہوگا جہاں محنت کی کمائی سے گھر چل سکے، نوجوانوں کو عزت کے ساتھ روزگار ملے، ہر ووٹ کا احترام ہو اور ملک کے ہر علاقے کو پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ملے۔

‘آزادی ہر گھر تک’

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزادی کا حقیقی مفہوم اسی وقت مکمل ہوگا جب اس کے ثمرات عام شہری کی زندگی تک پہنچیں گے اور ہر گھر کو معاشی، سیاسی اور سماجی حقوق حاصل ہوں گے۔

انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام ‘پاکستان کھپے، پاکستان پائندہ باد’ کے نعروں سے کیا۔

پاکستان 14 اگست 1947 کو برطانوی راج سے آزادی حاصل کرکے ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

2026 میں ملک اپنے قیام کے 79 سال مکمل ہونے پر یوم آزادی منا رہا ہے، جبکہ 2047 میں پاکستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر سیاسی قیادت کی جانب سے جاری کیے جانے والے پیغامات میں عموماً قیام پاکستان کے مقاصد، آئینی حقوق، جمہوریت، معاشی خوشحالی اور قومی یکجہتی کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو کے تازہ پیغام میں بھی آزادی کے تصور کو عوامی حقوق، روزگار، ووٹ کے احترام اور ملک کے تمام علاقوں کی مساوی ترقی سے جوڑنے پر زور دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp