بیوروکریٹس ہی اصل اور مستقل حکمران، کسی حکومت نے ان کا احتساب نہیں کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف

ہفتہ 15 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیوروکریسی کو پاکستان کی ’اصل اور مستقل حکمران‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی 78 سالہ تاریخ میں سیاست دانوں سمیت دیگر حکمران طبقات کا احتساب تو ہوا، تاہم بیوروکریسی کو کبھی اس طرح جوابدہ نہیں بنایا گیا۔

ایک سینیئر بیوروکریٹ کی مبینہ مالی بدعنوانی سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں سیاست دانوں کے احتساب کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں، جبکہ دیگر حکمران طبقات کے حوالے سے بھی کچھ مثالیں موجود ہیں، لیکن بیوروکریسی کے احتساب کی مثالیں تلاش کرنا مشکل ہے۔

بیوروکریسی کو اقتدار میں بار بار لایا گیا

انہوں نے کہاکہ بیوروکریٹس ہی پاکستان کے اصل اور مستقل حکمران ہیں اور وہ آئندہ بھی اسی حیثیت میں رہیں گے۔

خواجہ آصف نے ماضی کے ایک بیوروکریٹ حکمران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست دانوں کے منہ پر انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے تھے اور سیاست دان اسے برداشت کرلیتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ اگر گزشتہ 78 برس کے دوران بیوروکریٹس کو وزرا اور مشیروں کے طور پر شمار کیا جائے تو ان کی تعداد بھی بہت زیادہ بنتی ہے۔

بیوروکریسی کو طاقتور بنانے کے ذمہ دار سیاست دان ہیں

وزیر دفاع نے کہاکہ اگر بیوروکریسی آج ایک ناقابل گرفت طبقہ بن چکی ہے اور کوئی اسے جوابدہ کرنے والا نہیں تو اس کے ذمہ دار دراصل سیاست دان اور ان کی کمزوریاں ہیں، جبکہ بیوروکریٹس صرف اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے والے کردار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 1970 کی دہائی میں قومیانے کی پالیسی اختیار کی گئی اور بیوروکریسی نے ملک کے تمام کاروباری اداروں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ اس کے بعد قومی تحویل میں لیے گئے اثاثے تباہ ہوگئے، لیکن کسی حکومت نے ان طاقتور اور ناقابل احتساب عناصر سے سوال نہیں کیا۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ اگر قومیانے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے تو یہ سانحہ سقوط ڈھاکا سے بھی بڑا ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس نقصان کو شمار کرنے کے لیے حساب میں موجود صفر بھی شاید کم پڑ جائیں۔

نجکاری پروگرام کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں

وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ حکومت نجکاری کا پروگرام آگے بڑھا رہی ہے اور وہ اس کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ان کے مطابق نواز شریف پہلے حکمران تھے جنہوں نے ملک میں قومیانے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کو واپس پلٹنے کی کامیاب کوشش کی، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی اس عمل کو مزید آگے بڑھایا، لیکن اس کے بعد یہ سلسلہ رک گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مستقل حکمران بیوروکریسی نے ان کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نجکاری پر توجہ دی جا رہی ہے اور وہ دعا کرتے ہیں کہ یہ کوشش کامیاب ہو۔

’اصل قصور سیاست دانوں اور ان کی کمزوریوں کا ہے‘

خواجہ آصف نے کہاکہ اس پوری تاریخ کو بیان کرنے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ اصل قصور سیاست دانوں اور ان کی کمزوریوں کا ہے، جبکہ بیوروکریٹس نے اسی صورتحال سے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ پاکستان کی بیوروکریسی سے وابستہ امیر افراد پرتگال، کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور پاکستان میں موجود ہیں اور یہ لوگ سیاست دانوں کی دوراندیشی سے محرومی کا براہ راست فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

سابق گورنر جنرل سے متعلق دلچسپ واقعہ بھی سنا دیا

وزیر دفاع نے ایک سابق گورنر جنرل سے متعلق واقعہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گورنر جنرل کو بعد میں فالج کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد جب سیاستدان ان سے ملاقات کے لیے جاتے تو وہ انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے، تاہم سیاست دان ان کی بات سمجھ نہیں پاتے تھے۔

خواجہ آصف کے مطابق گورنر جنرل کے ساتھ موجود ان کی انگریز سیکریٹری ان الفاظ کا ترجمہ کرکے سیاست دانوں کو بتاتی تھیں کہ گورنر جنرل دراصل کیا کہہ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹرمپ کی پالیسیوں سے کتنے وفادار ہیں؟ امریکا نے نیٹو اتحادیوں سے سوالات پوچھ لیے

میانمار کا 3 لاکھ سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی پر آمادگی کا دعویٰ

بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر سمیت ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں یوم سیاہ کی کال

علمی سرقہ اسکینڈل میں’گرفتار‘ کیمبرج کے سابق پروفیسر کی پُراسرار موت

پاک سعودی فضائی رابطوں میں نیا اضافہ، ریاض ایئر کی پہلی پرواز کی اسلام آباد لینڈنگ، واٹر سیلوٹ پیش

ویڈیو

پاکستان کے آزادی کے دن کی تقریبات، سویٹ ہوم کے بچے فوجی یونیفارم میں بنے توجہ کا مرکز !

14 اگست، پاکستان کا آزادی کی جانب سفر، 79 سالہ قربانیوں اور ترقی کا سفر

آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

کالم / تجزیہ

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں

سن 47، 1200 پاکستانی اور ایک چابی

انڈین خارجہ پالیسی کی ارتھی