حمل میں کم چینی، بڑھاپے میں ڈیمنشیا کا خطرہ 23 فیصد کم

ہفتہ 15 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنگِ عظیم دوم کے بعد پیدا ہونے والے 64 ہزار سے زائد افراد کے جائزے میں ابتدائی زندگی میں کم چینی اور ڈیمنشیا کے کم خطرے کے درمیان تعلق سامنے آیا

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ حمل کے دوران اور زندگی کے ابتدائی ایک سے دو برس میں کم چینی کا استعمال کئی دہائیوں بعد ڈیمنشیا کے خطرے میں کمی سے منسلک ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ابتدائی زندگی میں چینی کی کم مقدار کے سامنے آنے والے افراد میں بعد کی عمر میں ڈیمنشیا کا خطرہ 23 فیصد تک کم پایا گیا۔

تحقیق جرنل ’نیورولوجی‘ میں شائع ہوئی، جس میں برطانیہ کے 64 ہزار سے زائد افراد کے صحت کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ یہ افراد دوسری جنگِ عظیم کے دوران اور جنگ کے بعد کے عرصے میں پیدا ہوئے تھے۔ محققین نے 1953 میں برطانیہ میں چینی کی راشن بندی ختم ہونے سے پہلے اور اس کے بعد پیدا ہونے والے افراد میں ڈیمنشیا کے خطرے کا موازنہ کیا۔

تحقیق کے مطابق جن افراد کو پیدائش سے قبل اور زندگی کے پہلے سال تک نسبتاً کم چینی میسر آئی، ان میں ڈیمنشیا کا خطرہ زیادہ چینی استعمال کرنے والے افراد کے مقابلے میں 21 فیصد کم تھا۔ جن افراد میں چینی کی محدود مقدار کا سلسلہ دو سال کی عمر تک جاری رہا، ان میں یہ خطرہ 23 فیصد کم پایا گیا۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ ابتدائی زندگی میں کم چینی کے سامنے آنے والے افراد میں ڈیمنشیا کی تشخیص اوسطاً 2.6 سال بعد ہوئی۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے مصنف جیازن ژینگ نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ زندگی کے ابتدائی ترین مراحل میں چینی کی مقدار محدود رکھنے کے دماغی صحت پر طویل مدتی فوائد ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فٹبالرز کو ڈیمنشیا اور دیگر دماغی امراض کے خدشات کیوں رہتے ہیں؟ بچاؤ کا طریقہ سامنے آگیا

تاہم ماہرین نے تحقیق کے نتائج کو حتمی قرار دینے سے گریز کیا ہے۔ فوڈ از میڈیسن انسٹی ٹیوٹ، ٹفٹس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر داریوش مظفرین، جو تحقیق میں شامل نہیں تھے، نے کہا کہ تحقیق نے ایک اہم سوال ضرور اٹھایا ہے، تاہم اس کے نتائج اس بات کا قائل ثبوت فراہم نہیں کرتے کہ صرف چینی کی کم مقدار ہی ڈیمنشیا کے خطرے میں کمی کی وجہ ہے۔

ان کے مطابق جنگ کے دوران پیدا ہونے والے افراد اور جنگ کے بعد پیدا ہونے والے افراد کے درمیان خوراک، کیلوریز کی مجموعی مقدار اور غذائیت سمیت کئی دیگر عوامل بھی مختلف تھے، اس لیے یہ تعین کرنا مشکل ہے کہ دونوں گروہوں میں ڈیمنشیا کے خطرے کے فرق کی وجہ صرف چینی کا استعمال تھا۔

ماہر نے کہا کہ حاملہ خواتین کے لیے مجموعی طور پر صحت بخش غذا کا استعمال پہلے کی طرح اہم ہے۔ ان کے مطابق پھل، سبزیاں، پھلیاں، گری دار میوے، بیج، ثابت اناج، خمیر شدہ دودھ سے بنی غذائیں اور مچھلی جیسی کم پراسیس شدہ غذاؤں کو ترجیح دینی چاہیے، جبکہ چینی، نشاستے اور نمک کی زیادہ مقدار رکھنے والی انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں کا استعمال محدود کرنا بہتر ہے۔

محققین نے بھی واضح کیا کہ تحقیق میں صرف ابتدائی زندگی میں چینی کے استعمال اور بعد کی عمر میں ڈیمنشیا کے خطرے کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ بچپن میں چینی کم کرنے سے براہِ راست ڈیمنشیا سے بچاؤ ممکن ہے۔

تحقیق کی ایک اہم حد یہ بھی تھی کہ محققین نے تاریخی چینی راشن بندی کو افراد کے حقیقی چینی استعمال کے متبادل کے طور پر استعمال کیا۔ اس لیے وہ دونوں گروہوں کے درمیان موجود دیگر معاشرتی، غذائی اور صحت سے متعلق اختلافات کے اثرات کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکے۔ چنانچہ کم عمری میں کم چینی کے استعمال اور ڈیمنشیا کے کم خطرے کے درمیان براہِ راست سبب اور نتیجے کا تعلق ابھی ثابت نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف

بیلجیم، گھر کی مرمت کے دوران دیوار سے 2 ارب 89 کروڑ کا سونا نکل آیا، اصل وارث کون؟، نئی بحث شروع

ایئر انڈیا پائلٹ کا بھنگ ٹیسٹ مثبت، کیا یہی طیارے کے اچانک نیچے آنے کی وجہ تھی؟

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

طالبان قیادت کے بیانات پر پاکستان کا مؤقف، افغانستان میں دہشتگردی اور حکومتی طرزِ عمل پر سوالات

ویڈیو

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

پاک سعودی فضائی رابطوں میں نیا اضافہ، ریاض ایئر کی پہلی پرواز کی اسلام آباد لینڈنگ، واٹر سیلوٹ پیش

پاکستان کے آزادی کے دن کی تقریبات، سویٹ ہوم کے بچے فوجی یونیفارم میں بنے توجہ کا مرکز !

کالم / تجزیہ

چربیلی آگ پر چل کر سچائی ثابت کرنا

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں

سن 47، 1200 پاکستانی اور ایک چابی