کراچی میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنے کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے گورنر ہاؤس جانے والے اہم راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ فوارہ چوک اور پولو گراؤنڈ سے گورنر ہاؤس جانے والے راستے پر کنٹینرز کھڑے کردیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
الحمدللہ ۔جماعت اسلامی کے قافلے گورنر ھاؤس کے سامنے۔#JIDharnaAgainstBhattaLevy pic.twitter.com/cEEZ5iJbv3
— Jamaat e Islami Karachi (@KarachiJamaat) August 16, 2026
جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا ہر صورت ہوگا اور حکومت کی جانب سے راستے بند کرنے سے احتجاج کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی رکاوٹ جماعت اسلامی کا راستہ نہیں روک سکتی۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ وصول کرچکی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو آمدن کا ذریعہ بنا لیا ہے۔
جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی جائے۔ جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔













