بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں مندر میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں کم از کم 7 خواتین ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعہ پیر کی صبح لکھی سرائے ضلع کے اشوک دھام مندر میں پیش آیا۔
سینئر سول افسر شیلیندر کمار کے مطابق مندر میں موجود عقیدت مندوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ بجلی کی ایک تار ان پر گر گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دراصل بجلی کا ایک کھمبا گرا تھا، جس کے بعد تار گرنے کی افواہ پھیلتے ہی خواتین کی قطار میں دباؤ بڑھ گیا اور متعدد خواتین ایک دوسرے کے اوپر گر گئیں۔
یہ بھی پڑھیے بھارت ریاست آندھرا پردیش میں مندر میں بھگدڑ سے 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی
شیلیندر کمار نے بتایا کہ حادثے میں 7 عقیدت مند جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمیوں کی درست تعداد معلوم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بہار کے وزیراعلیٰ سمرت چودھری نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بروقت اور مناسب طبی امداد فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔














