مغربی بنگال: مندر کے قریب ہوٹل میں آتشزدگی، 7 افراد ہلاک

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں تاراپیت مندر کے قریب ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بیشتر افراد زائرین تھے جو مذہبی عبادت کے لیے مندر کے قصبے میں آئے تھے۔

پولیس کے مطابق آگ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے 4 بجے 4 منزلہ ہوٹل کی نچلی منزل پر لگی، اس وقت زیادہ تر مہمان سو رہے تھے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا، جبکہ زخمیوں کو رام پورہاٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے بھارت: افواہ کے نتیجے میں مندر میں بھگدڑ، 7 خواتین ہلاک، متعدد زخمی

اسپتال ذرائع نے ابتدائی طور پر آتشزدگی میں 5 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں پولیس نے ہلاکتوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی۔ حکام کے مطابق کچھ افراد جھلسنے کے باعث زخمی ہوئے، جبکہ کئی افراد دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔

ہوٹل انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم واقعے کی اصل وجہ کا تعین ابھی نہیں کیا جاسکا۔ حکام کے مطابق ہوٹل میں موجود آرائشی اور فائبر مواد کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، جبکہ دھواں اوپری منزلوں تک پہنچنے سے کئی مہمان اپنے کمروں میں پھنس گئے۔

یہ بھی پڑھیے بھارت ریاست آندھرا پردیش میں مندر میں بھگدڑ سے 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ایک خاتون زائر نے بتایا کہ اچانک پورا ہوٹل دھوئیں سے بھر گیا اور سانس لینا مشکل ہوگیا۔ ایک اور مہمان تپن جیوتی منڈل نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کے ساتھ تقریباً 45 منٹ تک کمرے میں پھنسے رہے اور بعد میں باتھ روم کی چھت کے قریب موجود راستے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp