اسلام آباد سے لاپتا ہونے والے سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے پالتو کتے ’میکس‘ کو تلاش کرلیا گیا جس پر شاہد آفریدی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میکس کی واپسی میں مدد کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے بتایا کہ میکس مل گیا ہے اور بالکل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے میکس کی گمشدگی سے متعلق پوسٹ کو لائیک، کمنٹ اور زیادہ سے زیادہ شیئر کیا وہ ان سب کے شکر گزار ہیں کیونکہ ان کی مدد کے بغیر میکس کی واپسی ممکن نہیں تھی۔
شاہد آفریدی کی پوسٹ پر سابق ٹی وی اینکرمعید پیرزادہ نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کاش بلوچستان، خیبر اور کشمیر کے لاپتا افراد بھی شاہد آفریدی کے کتے کی طرح اپنے گھروں کو واپس آسکتے اور کاش پاکستانی شہریوں کے حقوق بھی آفریدی صاحب کے کتے جتنے ہی ہوتے۔
کاش کے بلوچستان، خیبر اور کشمیر کے Missing Persons بھی شاہد آفریدی کے کتے کی طرح واپس گھر آ سکتے! کاش ان پاکستانیوں کے حقوق آفریدی صاحب کے کتے جتنے ہی ہوتے! https://t.co/z39h2MN1wd
— Moeed Pirzada (@MoeedNj) August 16, 2026
معید پیرزادہ کے تبصرے پر شاہد آفریدی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنے لاپتا پالتو جانور کی واپسی کے لیے اپیل کی تھی جس پر کمیونٹی نے ان کی مدد کی۔ ان کے بقول اس معاملے میں بھی سیاست چمکانا ’گرتی ہوئی سوچ‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’ویسے میکس تم سے ہزار گنا بہتر ہے کیونکہ وہ نہ تو جعلی انگوٹھے لگا کر جیل جاتا ہے اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹ کر ملک سے فرار ہوتا ہے۔
میں نے صرف اپنے لاپتا پالتو جانور کی واپسی کی اپیل کی تھی اور کمیونٹی نے مدد کی۔ اس پر بھی سیاست چمکانا تمہاری گرتی ہوئی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ ویسے Max تم سے ہزار گنا بہتر ہے، کیونکہ وہ نہ تو جعلی انگوٹھے لگا کر جیل جاتا ہے اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹ کر ملک سے فرار ہوتا ہے۔… https://t.co/XBye5yd7I4
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) August 17, 2026
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے میکس کی گمشدگی کے بعد سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جب میکس ان کی زندگی میں آیا تو وہ صرف 30 سے 35 دن کا ننھا سا پپی تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میکس کو گھر کے ایک فرد کی طرح بے حد محبت اور توجہ سے پالا گیا ہے۔














