پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کو مزید 3 پیسے کی قدر حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور کے بعد بھارتی روپیہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں تقریباً 12 فیصد گر گیا
کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 0.01 فیصد اضافے کے بعد 277.62 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی جبکہ گزشتہ جمعرات کو ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ 277.65 روپے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔ ڈالر انڈیکس، جو دنیا کی 6 بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر ظاہر کرتا ہے، 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 99.519 کی سطح پر آگیا، جو رواں ماہ کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔
یورو کی قدر 1.1573 ڈالر پر تقریباً مستحکم رہی جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.1 فیصد اضافے کے بعد 1.3546 ڈالر پر پہنچ گیا۔ آسٹریلوی ڈالر اور نیوزی لینڈ کا ڈالر بھی بالترتیب 0.7085 اور 0.5891 ڈالر کی سطح پر مستحکم رہے۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ برینٹ خام تیل کے سودوں کی قیمت ایک موقع پر ایک فیصد بڑھ کر 89.40 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تاہم بعد میں 24 سینٹ کمی کے ساتھ 89.28 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
مزید پڑھیے: مودی کی مہم برائے کفایت شعاری الٹی پڑگئی، روپیہ گرگیا، مارکیٹ میں شدید مندی
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 67 سینٹ کمی کے بعد 81.74 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔














