پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کے سابق شوہر زین حامد نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور شادی ختم کرنے کی قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
زین حامد نے اپنے نجی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کی گئی، بعد ازاں ہٹائی جانے والی ایک تحریر میں کہا کہ انہوں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو ناقابل حل ذاتی اختلافات اور ترجیحات کے باعث طلاق دی۔
یہ بھی پڑھیں: ’شریکِ حیات نہیں، غلام چاہتے ہیں‘، شوہر سے متعلق نمرہ خان کی معنی خیز پوسٹ وائرل
انہوں نے کہا کہ وہ کسی پر الزام عائد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور دونوں کے درمیان علیحدگی خوش اسلوبی سے ہوئی۔ ان کے مطابق شادی ختم کرنے کا قانونی عمل شروع ہوچکا ہے اور درخواست دائر کیے جانے کے بعد دونوں کے وکلا قانونی کارروائی میں مصروف ہیں۔
زین حامد نے نمرہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے بہترین مستقبل کی خواہش رکھتے ہیں۔

نمرہ خان نے رواں سال مئی میں زین حامد کے ساتھ اپنی شادی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم گزشتہ کئی ہفتوں سے دونوں کے درمیان علیحدگی کی قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ نمرہ خان کے نمائندے سے بھی اس معاملے پر مؤقف کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا نمرہ خان نے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی؟ اداکارہ نے خاموشی توڑ دی
اداکارہ فضا علی نے بھی زین حامد کی طلاق سے متعلق اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ طلاق کوئی ایسی چیز نہیں جسے بار بار دنیا کے سامنے دکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلاق کے معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گی کیونکہ یہ نمرہ خان اور زین حامد کا ذاتی معاملہ ہے، تاہم علیحدگی کے بعد نمرہ خان کو مبینہ طور پر شرمندہ کیے جانے کے انداز سے وہ متفق نہیں ہیں۔
فضا علی نے نمرہ خان کی خاموشی کو کمزوری کے بجائے ان کی عزت اور وقار قرار دیا اور کہا کہ رشتے ختم کیے جائیں، لوگوں کی عزت اور ساکھ نہیں۔
نمرہ خان نے فضا علی کی ویڈیو پر ردعمل دیا، تاہم انہوں نے طلاق کے معاملے پر خود کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔













