نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیح، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا جائزہ اجلاس ہر ماہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ کی پہلی ‘نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی’ کا اجراء حکومت کے پرخلوص عزم اور سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روزگار کی فراہمی کے اس اہم مشن میں بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ‘نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی’ پر عمل درآمد کے لیے قائم کردہ اقدامات کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے نوجوانوں کے عالمی دن پر وزیراعظم پاکستان کا پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی تاریخ کی پہلی ‘نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی’ کا اجراء حکومت کے پرخلوص عزم اور سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روزگار کی فراہمی کے اس اہم مشن میں بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو ہنر مند بنا کر روزگار کے نئے مواقع میں ان کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ملکی افرادی قوت کو اندرون و بیرونِ ملک صنعتی اور کاروباری ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیوٹیک (NAVTTC) اور سمیڈا (SMEDA) میں بنیادی اور ساختیاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس پالیسی سے نوجوانوں کو ملنے والے فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر آگاہی مہم چلاتے ہوئے شفافیت اور رسائی کو ممکن بنایا جائے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ

اجلاس کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام: ریکارڈ درخواستیں موصول، قرض کب ملے گا؟ اعلان ہوگیا

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک (NAVTTC) کی جانب سے پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور زبانی مہارت کے خصوصی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ حکومت کے تیار کردہ ‘ڈیجیٹل یوتھ ہب’ کے ذریعے تمام نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے دستیاب مواقع کی تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں ‘یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز’ قائم کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف طلبہ کو کیریئر کونسلنگ اور رہنمائی فراہم کریں گے بلکہ انہیں جدید ہنرمندی اور ملازمتوں کے مواقع سے بھی باخبر رکھیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام وزارتوں اور ذیلی اداروں نے باہمی تعاون اور مشاورت سے اس قومی پالیسی پر مکمل روح کے ساتھ عمل درآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp