ویسٹ انڈیز نے جولائی 2026 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز میں نیا اعزاز حاصل کرلیا، جہاں آل راؤنڈرز جسٹن گریوز اور ہیلی میتھیوز کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
جسٹن گریوز نے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف فیصلہ کن ماہ کے بعد پہلی مرتبہ مردوں کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ ہیلی میتھیوز نے آئرلینڈ کے کامیاب دورے کے بعد ریکارڈ پانچویں مرتبہ خواتین کا ایوارڈ جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز کے لیے تاریخی کامیابی
یہ پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ایک ہی ماہ میں دونوں اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔ جنوری 2021 میں ایوارڈز کے آغاز کے بعد یہ صرف پانچواں موقع ہے جب کسی ملک کے کھلاڑیوں نے ایک ہی ماہ میں مردوں اور خواتین دونوں کے اعزازات جیتے ہیں۔
اس سے قبل بھارت کے جسپریت بمراہ اور اسمرتی مندھانا نے جون 2024، سری لنکا کے دنیتھ ویلالاگے اور ہرشیتھا سماراوکرما نے اگست 2024، بھارت کے ابھیشیک شرما اور مندھانا نے ستمبر 2025 جبکہ جنوبی افریقہ کے سنوران متھوسامی اور لورا وولوارٹ نے اکتوبر 2025 میں یہ ڈبل اعزاز حاصل کیا تھا۔
جسٹن گریوز کی شاندار کارکردگی
جسٹن گریوز نے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک اور بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن کو پیچھے چھوڑ کر ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے ہوم ٹیسٹ پروگرام میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
نارتھ ساؤنڈ میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کی جانب سے 549 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر بنانے کے بعد گریوز نے 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت میزبان ٹیم نے 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سیریز 0-1 سے جیت لی۔
ٹرینیڈاڈ میں پاکستان کے خلاف گریوز نے 27 رنز دے کر 5 وکٹیں اور 12 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی۔
جسٹن گریوز نے کہا، ’گھر پر کھیلتے ہوئے میرا یہ یادگار ماہ رہا ہے اور سری لنکا اور پاکستان کے خلاف بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں کردار ادا کرنا میرے لیے خاص طور پر یادگار ہے۔‘
ہیلی میتھیوز کا پانچواں ایوارڈ
دوسری جانب ہیلی میتھیوز نے انگلینڈ کی کپتان نیٹ اسکیور برنٹ اور سری لنکا کی ہرشیتھا سماراوکرما کو پیچھے چھوڑ کر خواتین کا ایوارڈ جیتا۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں میتھیوز نے 132.50 کی اوسط اور 117.25 کے اسٹرائیک ریٹ سے 265 رنز بنائے، جس میں ابتدائی 2 میچز میں سینچریاں بھی شامل تھیں۔ ویسٹ انڈیز نے یہ سیریز 0-3 سے کلین سوئپ کی۔
میتھیوز نے بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17.57 کی اوسط اور 4.10 کے اکانومی ریٹ سے 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انہوں نے ہر میچ میں کم از کم 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہیلی میتھیوز نے کہا، ’ایک بار پھر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت کر میں بہت خوش ہوں، یہ میرے پچھلے اعزازات کی طرح ہی میرے لیے خاص ہے۔‘














