وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے گوگل کے نائب صدر ولسن اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کا پاکستان میں اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرام متعارف
وزیراعظم نے گوگل کے نائب صدر اور ان کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں اس کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گوگل کی پاکستان آمد دونوں فریقوں کے درمیان ایک اہم اور امید افزا نئے سفر کا آغاز ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن نے کہا کہ گوگل پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے پاکستانی صارفین کو مصنوعی ذہانت کے دور میں محفوظ رہنے کے لیے تجاویز اور ٹولز فراہم کر دیے
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کے نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔














