بلاول بھٹو کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، پارلیمانی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین بھی شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات، سیاسی امور اور عدالتی فیصلے پر مشاورت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران پارلیمان میں اپوزیشن کے کردار، قانون سازی اور ملکی سیاست سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں کا حصہ بن کر اپنا فعال کردار ادا کریں۔

اپوزیشن رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے پر وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے اور انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپوزیشن قیادت کو پارلیمان میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ڈیل کا تاثر غلط ہے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے اور ان کے علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری روایت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp