پاکستان کے معروف شاعر انور مسعود نے پنجاب کے معروف صوفی شاعر میاں محمد بخش کی شہرۂ آفاق تصنیف ’سیف الملوک‘ کے 10 ہزار اشعار کا اردو ترجمہ کیا ہے۔
میاں محمد بخش کی ’سیف الملوک‘ کے 10 ہزار اشعار پر مشتمل اردو ترجمے کی کتاب آج (19 اگست کو) شائع ہوگئی، جو 2 جلدوں پر مشتمل ہے۔
کتاب کے مصنف انور مسعود نے کہاکہ اس وقت ان کے سامنے جو کتاب موجود ہے، اس کا نام ’سیف الملوک‘ ہے، جو میاں محمد بخش کی مشہور پنجابی تصنیف ہے۔
انہوں نے کہاکہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے میاں محمد بخش کی اس شہرۂ آفاق کتاب کا اردو نثر میں ترجمہ کیا ہے۔
انور مسعود نے کہاکہ جہلم بک کارنر کے امر شاہد اور ان کی ٹیم نے اس کتاب کو بڑی محنت اور خوبصورتی کے ساتھ شائع کیا ہے۔
انہوں نے کتاب کی اشاعت پر بک کارنر کے منتظمین کو دلی مبارکباد بھی پیش کی۔
دوسری جانب انور مسعود کے فرزند معروف صحافی و اینکر پرسن عمار مسعود نے اپنے پیغام میں کہاکہ آج کا دن ان کے لیے بہت خوشی کا باعث ہے، کیونکہ ان کے والد کی وہ کتاب، جسے وہ اپنی سب سے بڑی ادبی کامیابی سمجھتے ہیں، آج شائع ہوگئی ہے۔ یہ ترجمے کا ایک اہم کام ہے۔
آج بہت پر مسرت دن ہے۔ میرے والد کی وہ کتاب جسے وہ اپنا سب سے بڑا ادبی کارنامہ سمجھتے ہیں وہ کتاب آج شائع ہو گئی ہے۔ یہ کام ترجمے کا ہے۔ پنجاب کے معروف صوفی شاعر میاں محمد بخش کے کلام سیف الملوک کے دس ہزار اشعار کا اردو میں ترجمہ ۔ اس کام کی تکمیل میں ابو کو تین سال لگے اور ان تین… pic.twitter.com/UW8walwLOM
— Ammar Masood (@ammarmasood3) August 19, 2026
عمار مسعود نے کہاکہ پنجاب کے معروف صوفی شاعر میاں محمد بخش کی شہرۂ آفاق تصنیف ’سیف الملوک‘ کے 10 ہزار اشعار کا اردو ترجمہ اس کتاب میں شامل ہے۔
’ابو نے یہ کام مکمل کرنے میں 3 سال صرف کیے اور ان 3 برسوں کی محنت پر انہیں بے حد فخر ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب 2 جلدوں پر مشتمل ہے اور خطاطی کے اعتبار سے بھی ایک بے مثال مجموعہ ہے۔ کتاب کی اصل قیمت 9 ہزار روپے ہے، تاہم ابتدائی طور پر اسے 6 ہزار 300 روپے کی خصوصی قیمت پر دستیاب کیا گیا ہے۔ اور یہ کتاب بک کارنر جہلم پر دستیاب ہے۔














