ایپل کا سالانہ ستمبر ایونٹ قریب آتے ہی کمپنی کی نئی مصنوعات سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایپل رواں سال ستمبر میں آئی فون، ایپل واچ، ایئرپوڈز اور اسمارٹ ہوم مصنوعات سمیت 10 سے زائد نئی مصنوعات متعارف کرا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں
ایونٹ کی سب سے بڑی توجہ ممکنہ طور پر آئی فون 18 سیریز پر ہوگی، جس میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور مبینہ طور پر آئی فون الٹرا شامل ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔
نئے ایئرپوڈز اور اسمارٹ ہوم مصنوعات
ایپل نئے ایئرپوڈز بھی پیش کرسکتی ہے، جن میں انفرا ریڈ کیمرے شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ ڈیوائس ممکنہ طور پر ایئرپوڈز پرو 4 کے نام سے متعارف کرائی جاسکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے اسمارٹ ہوم مصنوعات کی رینج بڑھانے کا بھی امکان ہے۔ متوقع مصنوعات میں نیا ایپل ٹی وی 4 کے، ہوم پیڈ، ہوم پیڈ منی 2 اور ہوم پیڈ 3 شامل ہیں، جنہیں ستمبر میں ہی پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
آئی پیڈ اور میک بھی نئی فہرست میں شامل
ستمبر ایونٹ کے علاوہ ایپل کی جانب سے او ایل ای ڈی ڈسپلے والا نیا آئی پیڈ منی، گھر کی نگرانی کے لیے نیا سیکیورٹی کیمرا اور اپ ڈیٹ شدہ میک کمپیوٹرز بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کیا ایپل آئی فون ایئر 2 بڑا سرپرائز دینے جارہا ہے؟ لانچ اور نئے فیچرز سے متعلق اہم تفصیلات
تاہم اطلاعات کے مطابق نئے میک کمپیوٹرز کی رونمائی ستمبر کے بجائے اکتوبر میں ہونے والے ایک الگ ایونٹ میں زیادہ متوقع ہے۔
ایپل کی جانب سے ستمبر ایونٹ کی باضابطہ تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے، جس کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ افواہوں میں شامل کتنی مصنوعات حقیقت میں صارفین کے سامنے پیش کی جاتی ہیں۔












