انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اپیلز پینل نے پاکستان اور کینیڈا کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا ڈی میرٹ پوائنٹ منسوخ کر دیا ہے، جبکہ کنگ سٹی ٹورنٹو کے میپل لیف گراؤنڈ کا 1 ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لیتے ہوئے اس کے 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رکھے ہیں۔
آئی سی سی اپیلز پینل نے جون میں کھیلے گئے میچوں کے دوران دیے گئے ڈی میرٹ پوائنٹس کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ کینیڈا (سی سی) کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں پر یہ فیصلے جاری کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ
پینل نے تمام متعلقہ میچوں کی ویڈیو فوٹیج، میچ ریفریز کی رپورٹس اور ٹیم کے کپتانوں کے باضابطہ تبصروں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ حتمی نتائج اخذ کیے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور کا کیس
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو ‘غیر تسلی بخش’ قرار دے کر 1 ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
اپیلز پینل نے اپنے جائزہ کے بعد بتایا کہ اگرچہ میچ ریفری نے پچ مانیٹرنگ گائیڈ لائنز کی پیروی کی، لیکن پچ پر کسی قسم کی غیر معمولی ناہمواری یا اسپن دیکھنے میں نہیں آئی۔ اس لیے یہ ڈی میرٹ پوائنٹ مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب قذافی اسٹیڈیم کے کھاتے میں 0 ڈی میرٹ پوائنٹ ہے۔
میپل لیف گراؤنڈ ٹورنٹو کی صورتحال
کینیڈا کے کنگ سٹی میں واقع میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ میں 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ کی پچ کو ‘غیر تسلی بخش’ قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:بغیر تماشائی پی ایس ایل میچز شروع، قذافی اسٹیڈیم کے باہر موجود شائقین کرکٹ کیا کہتے ہیں؟
پینل کے مطابق پچ کی حالت ایک تسلی بخش پچ کے مطابق تھی اور اس میں غیر معمولی ناہمواری، سیم موومنٹ یا اسپن موجود نہیں تھا، جس کی بنا پر اس میچ کا 1 ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا۔
خطرناک پچ کے 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار
تاہم اسی سیریز میں 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پچ کو ‘ان فٹ’ (ناقابلِ استعمال) قرار دینے کے فیصلے کو قائم رکھا گیا ہے۔
اپیلز پینل کا کہنا تھا کہ اس میچ کی پچ کی حالت انتہائی خطرناک تھی، جو کہ ایک ‘ان فٹ’ پچ کے معیار پر پورا اترتی ہے۔ اس لیے اس میچ پر دیے گئے 3 ڈی میرٹ پوائنٹس ریکارڈ پر قائم رہیں گے اور یوں میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کے پاس اب مجموعی طور پر 3 ڈی میرٹ پوائنٹس موجود ہیں۔














