دورانِ پرواز لیپ ٹاپ میں آگ لگنے سے متعدد مسافر جھلس گئے

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ایئرلائنز کی پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث طیارے میں دھواں پھیل گیا اور متعدد مسافر جھلس گئے۔

مزید پڑھیں:ایئر انڈیا کے طیارے میں دوران پرواز لال بیگوں کی موجودگی، تحقیقات جاری

امریکی ایئرلائنز کی پرواز 2398 اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی اور اس میں 133 افراد سوار تھے۔ لینڈنگ کے مرحلے میں طیارے کے اندر موجود لیپ ٹاپ میں آگ لگ گئی۔

پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طیارے کے پچھلے حصے میں آگ لگی ہے اور عملہ اسے بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پائلٹ کے مطابق لیپ ٹاپ سے 4 سے 5 مسافروں کے ہاتھ جھلسے۔

فلائٹ اٹینڈنٹس نے تھرمل کنٹینمنٹ بیگ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور طیارے نے ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایک مسافر کو طبی امداد دی گئی جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے موقع سے ہی فارغ کردیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات وفاقی ادارہ ہوا بازی (ایف اے اے) کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:دوران پرواز بھارتی مسافر طیارے میں فنی خرابی، دلی میں ہنگامی لینڈنگ

حکام کے مطابق لیپ ٹاپ اور دیگر برقی آلات میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں زیادہ گرم ہونے کی صورت میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں اور ان میں اچانک آگ بھڑکنے کا عمل ’تھرمل رَن اوے‘ کہلاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp