امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی اور مہنگے ایندھن کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دینے کا اعلان کردیا، جبکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب طویل پیدل لانگ مارچ کی بھی تیاری شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مذاکرات صرف یقین دہانیوں کی بنیاد پر نہیں ہوں گے، دھرنے اسی وقت ختم ہوں گے جب حکومت مطالبات پرعملی اقدامات کرے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہیں، اس لیے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کو عوام پر اضافی بوجھ قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کی تباہی کے ذمہ دار، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں ہیں، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر
جماعت اسلامی کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں جاری دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں۔ جماعت نے اس احتجاج کو ملک گیر تحریک میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو آئندہ مرحلے میں اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق احتجاج مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا اور مختلف صوبوں میں عوامی رابطہ مہم بھی شروع کی جائے گی۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اس کی تحریک کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ عوام کو مہنگائی، مہنگے ایندھن اور اضافی ٹیکسوں سے ریلیف دلانا ہے۔ پارٹی قیادت نے حکومت سے مطالبات تسلیم کرکے جاری احتجاج ختم کرنے کی اپیل کے بجائے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔













